ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کونکن ریلوے شروع کر رہا ہے کاروں کے لئے رول آن رول آف سروس

کونکن ریلوے شروع کر رہا ہے کاروں کے لئے رول آن رول آف سروس

Tue, 22 Jul 2025 12:57:35    S O News

منگلورو، 22 / جولائی (ایس او نیوز) کونکن ریلوے کارپوریشن (کے آر سی ایل) نے لاریوں کو لانے لے جانے کے لئے جو رول آن رول آف (رو - رو) سروس 1999 میں شروع کی تھی اس میں اب کاروں کو لانے لے جانے کے لئے بھی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
    
خیال رہے کہ کونکن ریلوے کارپویشن نے مال بردار ٹرکس کو ٹرین کے ذریعے سب سے پہلے مہاراشٹرا کے رائے گڑھ ضلع میں واقع کولاڈ سے گوا کے ویرنا تک لانے کی سہولت شروع کی تھی اس میں توسیع کرتے ہوئے کولاڈ سے دکشن کنڑا کے سورتکل تک ٹرکس لانے لے جانے کا سلسلہ جاری کیا تھا ۔ یہ سروس مغربی گھاٹ سے گزرنے والی گاڑیوں کے لئے فاصلہ، وقت اور ایندھن کے خرچ کے لحاظ سے بہت ہی مفید ثابت ہوئی ہے ۔ 
    
اب کونکن ریلوے کارپوریشن نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کار کے ذریعے لمبے سفر پر نکلنے والوں کے لئے بھی فی الحال مہاراشٹرا کے کولاڈ سے گوا کے ویرنا تک کے لئے رو - رو سروس کی سہولت فراہم فراہم کی جائے گی ۔ 23 اگست کو کولاڈ سے اور 24 اگست کو ویرنا سے اس سروس کا آغاز ہوگا ۔ یہ سروس 11 ستمبر تک ہر دوسرے دن دستیاب رہے گی ۔ یہ سروس فراہم کرنے والی ٹرین ایک مقام سے شام 5 بجے نکل کر دوسرے دن صبح 5 بجے اپنی منزل پر پہنچے گی ۔ اس سروس سے استفادہ کرنے والے افراد کو دوپہر دو بجے ٹرین نکلنے کے مقام پر پہنچنا ہوگا ۔
    
پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موٹر کاروں کو لے جانے کے لئے جو ریک بنایا گیا ہے اس میں 20 ویگن ہیں اور ہر ویگن پر دو کاریں سماتی ہیں اس طرح بیک وقت 40 کاروں کو رکھا جا سکتا ہے ۔ ہر کار کے لئے کرایہ (جی ایس ٹی سمیت) 7875 روپے رہے گا ۔ بکنگ کے وقت 4000 روپے ادا کرنے ہونگے اور سفر شروع ہوتے وقت بقیہ رقم ادا کرنی ہوگی ۔ کاروں کے ساتھ ان کے مالکان یا ڈرائیوروں کو بھی لے جانے کی سہولت دستیاب رہے گی ۔ ہر کار کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تین افراد ٹرین سے متصل 3 اے سی یا سیکنڈ سیٹنگ کوچ میں سفر کر سکیں گے جس لئے اے سی کوچ کا کرایہ فی کس 935 روپے اور سیٹنگ کوچ کا کرایہ 190 روپے فی کس ہوگا ۔ 
    
بتایا گیا ہے کہ اس سروس کے لئے 21 جولائی سے بکنگ شروع ہوگئی ہے، جو 13 اگست کو بند ہو جائے گی ۔ نوی ممبئی کے بیلاپور میں واقع کونکن ریلوے کارپوریشن کے کمرشیل منیجر کے دفتر یا گوا کے ویرنا ریلوے اسٹیشن سے بکنگ کی جا سکتی ہے ۔ ایک بات یہ بھی بتائی گئی ہے کہ اگر ایک وقت میں 16 کاروں سے کم بکنگ ہوتی ہے تو پھر اس دن کے لئے سروس منسوخ کی جائے گی اور گاہک کو رجسٹریشن واپس لوٹا دی جائے گی۔
    
مزید تفصیلات کے لئے www.konkanrailway.com  یا پھر موبائل  9004470973  بیلاپور اور 9686656160 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔


Share: