منگلورو، 14 جولائی (ایس او نیوز) کرناٹک کے پُتور اور منگلورو کے درمیان آج ایک نئی نان اسٹاپ سرکاری بس سروس کا آغاز کیا گیا۔ یہ نئی سروس ان لوگوں کے لیے نہایت کارآمد ہوگی جو کم وقت میں اور بغیر رکاوٹ کے سفر مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
اس بس سروس کا افتتاح پُتور بس اسٹیشن پر رکن اسمبلی اشوک کمار رائے نے ہری جھنڈی دکھا کر کیا۔ اس موقع پر مسافروں کوپھول پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔
نئی سروس کے تحت ہر روز سات بسیں مجموعی طور پر 29 چکر لگائیں گی، اور پورے راستے میں کہیں نہیں رکیں گی، جس سے کم سے کم وقت میں سفر مکمل ہوگا۔ خصوصی بات یہ ہے کہ ان بسوں میں بھی خواتین کو مفت سفر کی سہولت رہے گی اور تمام قسم کے پاس، اس بس میں بھی قابلِ قبول ہوں گے۔
افتتاحی تقریب میں ضلع گارنٹی کمیٹی کے صدر بھرت منڈوڈی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔