ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا کے نئے ایس پی نے کہا : غیر قانونی سرگرمیوں پر لگام کسنے کا سلسلہ جاری رہے گا

اتر کنڑا کے نئے ایس پی نے کہا : غیر قانونی سرگرمیوں پر لگام کسنے کا سلسلہ جاری رہے گا

Sun, 20 Jul 2025 14:15:45    S O News
اتر کنڑا کے نئے ایس پی نے کہا : غیر قانونی سرگرمیوں پر لگام کسنے کا سلسلہ جاری رہے گا

کاروار 20 / جولائی (ایس او نیوز) اُتر کنڑا ضلع کے نئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا چارج لینے کے بعد اپنے دفتر میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیپن ایم این نے کہا کہ ضلع سے تبادلہ ہو کر گئے ہوئے ایس پی نارائین ایم نے غیر قانونی سرگرمیوں پر لگام کسنے کی  جو مہم شروع کی تھی اس کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا ۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و قانون کی صورتحال بنائے رکھنے کو سب سے پہلی ترجیج دی جائے گی ۔ ضلع میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے گی ۔ او سی، جوئے بازی، مٹکا جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور کسی بھی قیمت پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔

    ایس پی دیپن نے کہا کہ نیشنل ہائی وے پر ہو رہے حادثات کی روک تھام کے لئے این ایچ آئی افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے حالات کا جائزہ لینے کے بعد مناسب تیکنیکی اور قانونی اقدامات کیے جائیں گے ۔ ضلع کے سرحدی علاقوں میں موجود چیک پوسٹس اور وہاں خدمات انجام دے رہے اہلکاروں کے حالات و مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریت کے غیر قانونی کاروبار کے سلسلے میں محکمہ اراضی و معدنیات کے افسران کے ساتھ خصوصی میٹنگ منعقد کرتے ہوئے ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

    انہوں نے بتایا کہ ضلع میں موجود دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے مہاجرین کے تعلق سے تفصیلی نگرانی کی جائے گی اور ان کے آدھار کارڈ سمیت تمام دستاویزات کا معائنہ کیا جائے گا ۔ دستیاب معلومات کے مطابق اس وقت ضلع میں 367 غیر ملکی باشندے موجود ہیں ۔ اس سلسلے میں محکمہ پولیس کی طرف سے جلد ہی ایک رپورٹ تیار کی جائے گی ۔ 


Share: