منگلورو ،10 / اگست (ایس او نیوز) شہر میں پولیس کمشنریٹ حدود میں 'منشیات کے استعمال سے آزاد منگلورو' مہم چلائی جا رہی ہے ، جس کے تحت مختلف مقامات پر منشیات کے خلاف کارروائی کی گئی اور اس دوران میں ایک انجینئرنگ طالب علم سمیت سات افراد کو گرفتار کیا گیا ۔
شہر کے کدورلی علاقے میں کالج کے طلبہ اور عام لوگوں کو گانجہ فروخت کرنے والے عبدالصمد عرف چمّو کو بندر پولیس کی ٹیم نے گرفتار کیا اور اس کے پاس سے 1.40 کلو گرام گانجہ ضبط کیا گیا ۔ اسی طرح مولکی پولیس تھانہ حدود میں کالج کے طلبہ اور قلی مزدوروں کو گانجہ فروخت ہونے کی خبر ملنے پر چھاپہ ماری کرتے ہوئے کارناڈو گرام کے دھرم لنگا نامی شخص کو 1.9 کلو گرام گانجے کے ساتھ گرفتار کیا گیا ۔
بجپے پولیس اسٹیشن کے علاقے میں گانجہ فروخت کرنے والے بہار کے باشندے دولت کمار شرما اور محمد خوشی عالم کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1.189 کلو گرام گانجہ کے علاوہ 219 گرام بھانگ ضبط کی گئی ۔ کنکاڈ پولیس اسٹیشن حدود میں پڈیل کے قریب پولیس کی کارروائی کے دوران کارتک اور ماوت نامی دو افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے پاس سے 800 گرام گانجہ برآمد کیا گیا ۔
شہر کے کدری علاقے میں کیرالہ کے پرنَو کے نامی انجِیںئرنگ طالب علم کو گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے 1.100 گرام گانجہ ضبط کیا گیا ۔
پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے گانجہ فروشوں سے تفتیش کے دوران میں ان سے گانجہ خریدنے والوں کی تفصیل بھی معلوم ہوئی ہے ۔ اب پولیس اپنی منشیات مخالف مہم کی ایک کڑی کے طور پر گانجہ خریدنے والوں کا بھی پتہ لگائے گی اور ان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کرے گی ۔