بھٹکل، 23/ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے شیرالی سے 18 جولائی کو لاپتہ ہونے والی نوجوان لڑکی کو بھٹکل دیہی پولیس کی ٹیم اتر پردیش کے متھرا سے ڈھونڈ نکالنے اور واپس لانے میں کامیاب ہوئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ شیرالی کے میں ٹٹی ہکّل علاقے کی رہنے والی جیانہ بنت عبدالمناف بھٹکل جانے کا کہتے ہوئے رکشہ پر سوار ہو کر نکلی تھی اور اس کے بعد وہ گھر واپس نہیں لوٹی تو گھر والوں نے بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن میں گم شدگی کی رپورٹ درج کروائی ۔
اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تفتیش شروع کی تو لڑکی ریل کے ذریعے سفر پر نکل جانے کا علم ہوا ۔ پھر مقامی پولیس نے ریلوے پولیس کے ساتھ مشترکہ کوشش کرتے ہوئے گم شدہ لڑکی کو اتر پردیش کے متھرا میں ڈھونڈ نکالا ۔
تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ اس نوجوان لڑکی کو بھٹکل ہیبلے پنچایت علاقے میں رہنے والی ایک خاتون اپنے ساتھ لے گئی تھی ۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کے لئے اس خاتون کو اپنی تحویل میں لیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ خاتون کی دوستی راجستھان کے ایک نوجوان کے ساتھ ہے ۔ اس وجہ سے ٹٹی ہکّل کی نوجوان لڑکی کو اس کے ذریعے پھانسنے اور اپنے ساتھ گاوں سے باہر اتر پردیش تک لے جانے کا معاملہ مشکوک ہو گیا ہے ۔ اس کے علاوہ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ مذکورہ خاتون کی بیٹی اپنے گھر سے لاپتہ ہونے والی لڑکی جیانہ کی سہیلی ہے ۔ اور اس خاتون نے اس سے پہلے بھی اس طرح کی حرکتوں کا ارتکاب کیا ہے ۔اس وجہ سے شیرالی کی لڑکی کے ساتھ پیش آئے ہوئے اس معاملے کے تعلق سے بہت سارے شبہات پیدا ہو رہے ہیں ۔
پولیس کی تفتیش کے دوران جیانہ نے بتایا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اس خاتون کے ساتھ چلی گئی تھی ۔ پوچھ تاچھ کے بعد جیانہ کو اس کے والدین کے حوالے کیا گیا ہے ۔