کاروار 31 / جولائی (ایس او نیوز) ریاستی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے وزیر دنیش گنڈو راو نے ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بدلنے کے مسئلے پر سدارامیا اتنے بھی کمزور نہیں ہیں کہ ان کو شکتی پردرشن کرنے کی ضرورت پڑے ۔
وزیر اعلیٰ کی طرف سے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار کی غیر موجودگی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی اپنی الگ مصروفیت رہتی ہے ، اسی وجہ سے ڈی کے شیو کمار میٹنگ میں حاضر نہیں ہو سکے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے درپیش مسائل پر بات چیت کی ہے تو اس میں کیا غلط بات ہے ۔
دنیش گنڈو راو نے کہا کہ جب ایک وزیر اعلیٰ موجود ہے تو پھر دوسرے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ کچھ لوگوں نے اپنی ذاتی رائے پیش کی ہے کہ کھرگے میں وزیر اعلیٰ بننے کی پوری اہلیت موجود ہے لیکن مستقبل بتانا میرے لئے ممکن نہیں ہے ۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک قومی سطح کا مسئلہ ہے اور اس پر وزیر اعظم اپنی زبان نہیں کھول رہے ہیں ۔ پلوامہ حملے کے موقع پر بھی انہی کی حکومت تھی ، مگر وہ اس پر بھی بات نہیں کرتے ۔ میڈیا سے بات کرنے کے لئے مودی کبھی دستیاب نہیں ہوتے ۔ امریکی صدر کہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ انہوں نے جنگ رکوائی ۔ پاکستان کہتا ہے کہ اس نے ہندوستان کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے ۔ جو اپنے آپ کو وشوا گرو کہتا ہے وہ اس پر زبان کھولنے کے لئے تیار نہیں ہے ۔ کم از کم یہ تو بتانا چاہیے کہ ایسا ہوا ہے یا نہیں ہوا ہے ۔
مودی اور امت شاہ کے بارے میں دنیش گنڈو راو نے کہا کہ یہ دونوں ڈکٹیرشپ کا رویہ اپنائے ہوئے ہیں ۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت ای ڈی، آئی ٹی، الیکشن کمیشن وغیرہ کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ اسی وجہ سے سدا رامیا کے معاملے میں سپریم کورٹ نے ای ڈی کی ملامت کی تھی ۔ مرکزی حکومت نے ریاست کے لئے قحط فنڈ سے رقم ادا نہیں کی ۔ اس کے لئے سپریم کورٹ تک جانا پڑا ۔ لیکن اس کے بارے میں بی جے پی کے کاگیری ، پرہلاد جوشی یا دیگر اراکین پارلیمان بات نہیں کرتے ۔
سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کے بارے میں پوچھنے پر وزیر دنیش گنڈو راو نے کہا کہ یہ معاملہ میرے حدود اختیار میں نہیں آتا ۔ اس کے بارے میں میڈیکل سائنسس کے وزیر شرن پرکاش پاٹل سے بات کریں گے ۔ سرسی میں بندر بخار کے لئے لیباریٹری قائم کی گئی ہے ۔ ضروری آلات اور مشینیں پہنچ گئی ہیں ۔ ٹیکنیکل اسٹاف کی ضرورت پوری نہیں ہوئی ہے ۔