ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر منکال وئیدیا کا بھٹکل کی پرانی فِش مارکٹ کا دورہ؛ کہا: پرانی مارکٹ بند نہیں ہوگی، نئی ہائی ٹیک مارکٹ کا بھی یکم ستمبر سے ہوگا آغاز

وزیر منکال وئیدیا کا بھٹکل کی پرانی فِش مارکٹ کا دورہ؛ کہا: پرانی مارکٹ بند نہیں ہوگی، نئی ہائی ٹیک مارکٹ کا بھی یکم ستمبر سے ہوگا آغاز

Sat, 30 Aug 2025 15:31:24    S O News
وزیر منکال وئیدیا کا بھٹکل کی پرانی فِش مارکٹ کا دورہ؛ کہا: پرانی مارکٹ بند نہیں ہوگی، نئی ہائی ٹیک مارکٹ کا بھی یکم ستمبر سے ہوگا آغاز

بھٹکل 30 اگست (ایس او نیوز) بھٹکل کی پرانی فِش مارکٹ کو بند کرنے کی افواہوں اور یکم ستمبر سے نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ کھولنے کی خبروں کے درمیان، عوام کی شکایات پر آج سنیچر کو بھٹکل رکن اسمبلی اور ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا نے پرانی فِش مارکٹ کا دورہ کیا۔ اس دوران وہاں کے بیوپاریوں نے وزیر کو گھیر لیا اور پرانی مارکٹ بند نہ کرنے کی درخواست کی۔ شکایات کا جواب دیتے ہوئے اور نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ کو لے کر اعتراض کرنے والوں سے گفتگو کے دوران منکال وئیدیا نے یقین دہانی کرائی کہ بھٹکل کی پرانی مچھلی مارکٹ بند نہیں کی جائے گی، بلکہ اپنی جگہ پر جاری رہے گی۔ البتہ پانچ چھ سال قبل اسپتال روڈ پر جس ہائی ٹیک فِش مارکٹ کا اُس وقت کے وزیر دیش پانڈے کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا تھا، اسے یکم ستمبر سے باضابطہ کھولا جارہا ہے۔ اس پر آپ لوگوں کو اعتراض کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

منکال وئیدیا نے کہا کہ بھٹکل میں مچھلیوں کی خرید و فروخت بڑی تعداد میں ہوتی ہے، اس لئے یہاں مزید جگہوں پر نئی مچھلی مارکٹ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ فی الحال بھٹکل کے درجنوں مقامات پر لوگ سڑک کنارے یا جہاں جگہ ملتی ہے وہاں بیٹھ کر مچھلیاں فروخت کرتے ہیں۔ آپ چاہیں تو پرانی مارکٹ میں مچھلیاں بیچیں یا نئی مارکٹ کا رخ کریں، یہ آپ پر منحصر ہے۔ البتہ پرانی مچھلی مارکٹ کی طرف بڑی بڑی مچھلیوں سے بھری گاڑیوں کے آنے سے راستہ تنگ ہوجاتا ہے اور ٹریفک نظام متاثر ہوتا ہے، اس لئے اب بڑی گاڑیوں کو یہاں آنے سے روکا جائے گا۔ تاہم جو مچھلی فروش آٹو رکشہ کے ذریعے آتے ہیں، انہیں مچھلیاں یہاں لاکر بیچنے کی اجازت ہوگی۔  ساتھ ہی انہوں نے مچھلی فروشوں سے کہا کہ وہ سڑک کنارے مچھلیاں نہ بیچیں۔

منکال وئیدیا نے مزید بتایا کہ ہم پرانی میونسپل عمارت کی جگہ پر نیا کمرشیل کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں، جس کے دوران راستے کو بھی چوڑا کیا جائے گا۔ نئی عمارت میں مچھلی فروشوں کے لیے بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پرانی عمارت خستہ حال ہوچکی ہے، لیکن جب تک نئی عمارت کی تعمیر کا کام شروع نہیں ہوتا، کسی بھی مچھلی فروش کو یہاں سے ہٹایا نہیں جائے گا۔

واضح رہے کہ اسپتال روڈ پر نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ کا تعمیری کام 2018 میں مکمل ہوا تھا اور اُسی سال اُس وقت کے ڈسٹرکٹ انچارج وزیر آر وی دیش پانڈے نے اس کا افتتاح کیا تھا۔ تاہم افتتاح کے باوجود اب تک وہاں مچھلی فروشی شروع نہیں ہوسکی تھی۔ اب یکم ستمبر 2025 سے اس نئی مارکٹ کا باضابطہ آغاز ہورہا ہے اور اس کے لیے ٹینڈر کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے۔ اس تعلق سے بھٹکل کے انچارج میونسپل چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا نے وضاحت کی کہ پرانی مارکٹ کو بند کرنے کی بات کبھی نہیں کی گئی تھی، بلکہ ہم نے صرف یکم ستمبر سے نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی مناسبت سے پرانی فِش مارکٹ بھی بدستور جاری رہے گی اور اسے بند کرنے کے سلسلے میں میونسپل کونسل کی میٹنگ میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔


Share: