منگلورو، 21 /اگست (ایس او نیوز) حکومت نے موبائل نمبروں کو گاڑیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (RC)، ڈرائیونگ لائسنس اور آدھار کارڈ کے ساتھ جوڑنے کے عمل کو لازمی قرار دیا ہے ۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ٹریفک کی خلاف ورزی کے نوٹس، ای چالان، گاڑیوں کے رجسٹریشن، اس کی تجدید، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گاڑیوں کی فروخت سے متعلق تمام معلومات ٹیکنالوجی کے ذریعے آسانی سے قابل رسائی ہوں ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس تعلق سے ’پریواہن‘ پورٹل کے ذریعے عوام کو پیغامات بھیجے جا رہے ہیں ۔ ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ آدھار کی تصدیق کے ذریعے اپنے موبائل نمبر کو اپنے لائسنس کے ساتھ اپ ڈیٹ یا لنک کریں ۔
روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی وزارت نے موٹر گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے موبائل نمبرز کو جلد از جلد لنک یا اپڈیٹ کر لیں ۔ موبائل نمبر کو لنک کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ سے متعلق خدمات حاصل کرنے کے لیے آدھار کی تصدیق کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
وزارت نقل و حمل نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بروقت اپڈیٹس اور خدمات حاصل کرنے کے لیے موبائل نمبروں کو لنک کرنا ضروری ہے ۔
منگلورو کے علاقائی ٹرانسپورٹ افسر سریدھر ملاد نے بتایا کہ شہریوں کو اپنے موبائل نمبروں کو رجسٹر کرنے یا اپڈیٹ کرنے کے لیے حکومت کے آفیشل پورٹلس 'پریواہن' اور 'سارتھی' پر جانا چاہیے ۔ یہ ایک مکمل، درست اور اپڈیٹ شدہ عمل کو یقینی بناتا ہے، جس کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے تصدیق کرنے کی ضرورت ہے ۔
موبائل نمبر کیسے لنک کریں؟ :
• parivahan.gov.in پر جائیں،
• آدھار کے ذریعے "موبائل نمبر اپ ڈیٹ کریں" کو منتخب کریں ،
• گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور چیسس/انجن نمبر درج کریں ،
• آدھار او ٹی پی کا استعمال کرتے ہوئے تصدیق کریں ۔