ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : پیرمنکی علاقے میں بہت بڑے پیمانے پر زمین کھسک گئی - سڑک کا راستہ ہوگیا منقطع - فارم ہاوس کو پہنچا نقصان

منگلورو : پیرمنکی علاقے میں بہت بڑے پیمانے پر زمین کھسک گئی - سڑک کا راستہ ہوگیا منقطع - فارم ہاوس کو پہنچا نقصان

Tue, 22 Jul 2025 17:23:55    S O News
منگلورو : پیرمنکی علاقے میں بہت بڑے پیمانے پر زمین کھسک گئی - سڑک کا راستہ ہوگیا منقطع - فارم ہاوس کو پہنچا نقصان

منگلورو،  22 / جولائی (ایس او نیوز) مسلسل بارش کی وجہ سے منگلورو کے مضافات میں واقعی الائی بیٹو کے قریب پیرمنکی کے کائگوری میں بہت بڑے پیمانے پر زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں کیٹیکل ہائی وے پر جس طرح کی زبردست لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی، بالکل اسی انداز میں آج زمین کھسک گئی ہے۔ اس کی وجہ سے الائی بیٹو کو پرمائی چرچ سے جوڑنے والی تارکول کی سڑک مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہے اور علاقے کے مکینوں کو منگلورو پہنچنے کے لیے مالورو کے راستے سے لمبا چکر لگانے پر مجبور ہونا پڑا ہے ۔

معلوم ہوا ہے کہ اتوار کو شروع ہونے والا زمین کھسکنے کا معاملہ پیر کے دن مزید بگڑ گیا جس سے قریبی زرعی زمینوں کو اور زیادہ نقصان پہنچا ۔ اس واقعہ میں سڑک تقریباً چار فٹ اندر دھنس گئی ہے، اور ایک کلومیٹر تک  مٹی کھسک گئی ہے، جس سے آس پاس کے گھروں اور باغات کو نقصان پہنچا ہے ۔ علاقے میں موجود سپاری اور ناریل کے درخت متاثر ہوئے ہیں اور کچھ درخت مٹی کے وزن کے نیچے دب گئے ہیں ۔  
    
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کا کام ابھی تک شروع نہیں ہوا۔پیرمنکی پاڈوی کو پالیکٹے اور مالورو ادبیتو سے جوڑنے والی سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے منہدم ہوگئی ہے، جس سے سیکڑوں گھروں تک رسائی منقطع ہوگئی ہے اور متبادل راستے استعمال کرنے کی ضرورت پیش آئی ہے ۔ کائگوری میں یہوزے نامی ایک رہائشی کے مکان میں شدید دراڑیں پڑ گئی ہیں جس سے وہ رہنے کے قابل نہیں رہا ہے ۔ اس گھر کے مکین وامنجور میں ایک رشتہ دار کے ہاں منتقل ہو گئے ہیں ۔

جغرافیائی طور پر پیرمنکی ذرا بلندی پر واقع ہے، جس میں نہریں اور ندیاں نیچے کی طرف کیگوری کی طرف بہتی ہیں ۔ زمین کھسکنے کی وجہ سے گرنے والے ملبہ نے ان ندیوں میں بہنے والی ندیوں کے راستے بدل دیے ہیں جس سے ایک طرف چھوٹے چھوٹے آبشار بن گئے ہیں  اور دوسری طرف قریبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ 
    
بالائی پیرمنکی اور پرمائی کے علاقے میں سرخ  پتھروں کی چٹانیں موجود ہیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ   مسلسل بارش کی وجہ سے ان چٹانوں کے اندر بڑی مقدار میں جمع ہونے والے پانی نے  نچلی مٹی کو ڈھیلا کر دیا ہوگا اور اس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ شروع ہوئی ہوگی ۔ بہرحال اس کے بارے میں ماہرین کو یہاں کے حالات کا مزید مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

   تعلقہ پنچایت ایگزیکٹیو آفیسر مہیش کمار  نے کیگوری میں لینڈ سلائیڈنگ کی جگہ کا دورہ کیا اور بتایا کہ ایک رپورٹ تیار کی جائے گی اور تحصیلدار کے ذریعے ڈپٹی کمشنر کو بھیجی جائے گی ۔ انہوں نے تصدیق کی کہ آج پیش آئے ہوئے واقعے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے ۔ دریں اثنا، الائی بیٹو کی پی ڈی او انیتا کاتیایانی نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ بے گھر ہونے والے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے لیکن بارش جاری رہنے کے دوران امدادی کام ممکن نہیں ہے ۔ پی ڈی او نے مزید کہا کہ اس قسم کے راحت رسانی کے کام کو ضلعی انتظامیہ کو سنبھالنا چاہیے کیونکہ یہ گرام پنچایت کے بس سے باہر والا کام ہے ۔


Share: