منگلورو، 26 /جولائی (ایس او نیوز ) منگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ (MIA) کو ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل (ACI) کی جانب سے ایئرپورٹ کسٹمر ایکسپیرینس میں معتبر لیول 4 سرٹیفیکیشن سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز MIA کی کسٹمر سروس میں اعلیٰ معیار کی طرف ایک اہم پیش رفت کی علامت ہے۔ ایئرپورٹ نے فروری 2024 میں لیول 3 سرٹیفیکیشن حاصل کیا تھا اور اب لیول 4 تک پہنچ کر یہ ثابت کیا ہے کہ ادارہ صارف مرکز خدمات کے لیے مؤثر حکمت عملی اور مضبوط طریقۂ کار پر عمل پیرا ہے۔
ACI کا یہ پروگرام دنیا بھر کے ہوائی اڈوں پر کسٹمر ایکسپیرینس کو بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا پہلا عالمی معیار ہے۔ یہ اعزاز 16 جولائی 2025 کو دیا گیا، جس کی مدت ایک سال ہے۔ لیول 4 سرٹیفیکیشن حاصل کرنے والے دنیا کے چند منتخب ایئرپورٹس میں شامل ہو کر منگلورو ایئرپورٹ نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ اپنے مسافروں کو ہر پہلو سے بہتر اور یادگار تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس جائزے میں ادارہ جاتی کلچر، حکمرانی، آپریشنز میں بہتری، کسٹمر اسٹریٹیجی اور صارف کی سمجھ جیسے کئی اہم پہلو شامل ہوتے ہیں۔
گزشتہ سال کے دوران منگلورو ایئرپورٹ نے ایویو ایپ ((aviio App، ڈیجی یاترا، اسمارٹ صفائی روبوٹس، مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کیمرے، ادانی ون ایپ، مفت وائی فائی کیوسکس اور فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم جیسے کئی جدید اقدامات کیے۔ ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ یہ لیول 4 سرٹیفیکیشن ہمارے عملے کی مسلسل محنت اور ہر مسافر کو آرام دہ اور یادگار سفر فراہم کرنے کے جذبے کا نتیجہ ہے۔ منگلورو ایئرپورٹ ساحلی شہر کے جدید ہوابازی مرکز کے طور پر فخر محسوس کرتا ہے۔ MIA ہندوستان کے ہوابازی شعبے میں معیار کی علامت کے طور پر قائم ہے اور عالمی معیار کی سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل ترقی و جدت کے سفر پر گامزن ہے۔