ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : کوآپریٹیو سوسائٹی کے منیجر کی دھوکہ دہی - غائب کر دئے 6.5 کلو گرام وزنی سونے کے زیورات - گروی رکھ کر حاصل کیا 3.5 کروڑ روپے کا قرض

منگلورو : کوآپریٹیو سوسائٹی کے منیجر کی دھوکہ دہی - غائب کر دئے 6.5 کلو گرام وزنی سونے کے زیورات - گروی رکھ کر حاصل کیا 3.5 کروڑ روپے کا قرض

Tue, 01 Jul 2025 12:49:04    S O News

منگلورو، یکم / جولائی (ایس او نیوز)  شہر کے  شکتی نگر میں واقع ویوسایا سیوا ساہکاری سنگھا    نامی کوآپریٹیو سوسائٹی میں دھوکہ دہی کا ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں سوسائٹی کے مینیجر نے مبینہ طور پر اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے گاہکوں کے گروی رکھے ہوئے 6.5 کلو گرام وزنی سونے کے زیورات بینک لاکر سے چوری چھپے نکال لیے  اور پھر سونے انہی زیورات کو شکتی نگر میں واقع ایک اور کوآپریٹیو سوسائٹی گروی رکھتے ہوئے وہاں سے 3.5 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا ۔

اس معاملے میں کلیدی ملزم کی شناخت کوآپریٹیو سوسائٹی کے منیجر پریتیش کے طور پر کی گئی ہے ۔ شیخ محمد نامی مزید ایک شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے دھوکہ دہی میں پریتیش کی مدد کی تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث مزید دو افراد کی تلاش جاری  ہے ۔

    معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کوآپریٹیو سوسائٹی میں دھوکہ دہی کی بات سامنے آتے ہی  پریتیش مبینہ طور پر بینگلورو بھاگ گیا اور پھر وہاں سے بیرون ملک فرار ہوگیا ہے ۔ اس دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے صارفین کو اس فراڈ کا علم ہوا اور انہوں نے محاسبہ کا مطالبہ کرنا شروع کیا تو 17 جون کو کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن میں  شکایت درج کرائی گئی ۔     
    
بعد ازاں پولیس نے ملزم کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا تو گرفتاری کے خوف سے پریتیش بیرون ملک سے منگلورو واپس لوٹ آیا اور اپنے وکیل کے ذریعے عدالت کے سامنے خودسپردگی کی ۔

کنکناڈی اسٹیشن کی پولیس نے کیس درج کرنے کے بعد تفتیش کو آگے بڑھایا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ مزید پوچھ گچھ کے لیے کلیدی ملزم پریتیش کو اپنی تحویل میں لے گی ۔

ضبط کیے گئے جعلی زیورات :ملزم پریتیش کے فراڈ کا ایک اور پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ اس نے اپنی سوسائٹی سے اصلی زیورات کا اڑاتے ہوئے دوسری سوسائٹی سے 3.5 کروڑ روپے کا قرضہ حاصل کرنے کے ساتھ اس نے  اپنی سوسائٹی کے لاکر میں اصلی زیورات کی جگہ نقلی زیورات رکھنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا ۔  اس مقصد کے لئے پریتیش نے مبینہ طور پر ایک جیسے ڈیزائن کے تقریباً 3.5 کلو گرام وزنی جعلی زیورات کے ساتھ  تیار کیے گئے تھے ۔ پولیس کے بیان کے مطابق یہ جعلی زیورات شیخ محمد سے ضبط کیے گئے ہیں ۔


Share: