منگلورو 28/اگست (ایس او نیوز) ضلع دکشن کنڑا کے اُلال تعلقہ کے تلپاڈی ٹول گیٹ کے قریب ہوئے ایک المناک سڑک حادثے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ سات شدید زخمی ہوگئے،جنہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ حادثہ جمعرات دوپہر کواُس وقت پیش آیا جب (KSRTC) کی ایک بس، کاسرگوڈ سے منگلورو جانے کے دوران مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے بعد کنٹرول کھو بیٹھی اور بس شیلٹر سے ٹکرا تے ہوئے بس کا انتظارکرنے والوں پر ہی چڑھ گئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بس کے انتظار میں کھڑے پانچ افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے،جبکہ ایک نے اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ دیا۔ مرنے والوں میں تین خواتین ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کچھ لوگ حادثے کے وقت بس شیلٹر کے قریب پارک آٹو رکشا کے اندر بیٹھے ہوئے تھے۔
مرنے والوں کی شناخت 47 سالہ آٹو رکشہ ڈرائیورحیدرعلی، فرنگی پیٹ، بی سی روڈ کے رہائشی عبدالقادر کی اہلیہ اوّمّا، اجیّرکڈ کی رہنے والی 60 سالہ خدیجہ، ان کی بہن 52 سالہ نفیسہ اسی علاقہ کے شاہ الحمید کے دُختر حسنا اور 19 سالہ عائشہ فِدا کے طور پر ہوئی ہے۔