بھٹکل ،26 / جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل کے بندر روڈ پر متحدہ عرب امارات کے نقلی درہم چلانے والے ملزم روین پرکاش کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بندر روڈ پر مشکوک انداز میں گھومنے پھرنے والے ایک شخص کے تعلق سے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے تحقیقات شروع کی اور منگلورو سے بھٹکل آنے روین پرکاش کی پوچھ تاچھ کرنے پر اس کے پاس نقلی یو اے ای کرنسی موجود ہونے کی تصدیق ہوگئی ۔
پولیس نے اس معاملے میں ایک کار، موبائل فون اور یو اے ای کے ہزار، پانچ سو اور سو روپے مالیت کے جملہ 17 نقلی درہم ضبط کیے ہیں ۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کو دو دن کے لئے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے ۔ اس معاملے میں دیگر افراد ملوث رہنے کے تعلق سے بھی پولیس کی طرف سے تحقیقات جاری ہے ۔