بھٹکل ،14 / جولائی (ایس او نیوز) چار دن قبل بھٹکل شہر کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے ساتھ پولیس کو ای میل بھیجنے والے ملزم کا بھٹکل پولیس نے سراغ لگالیا ہے اور قانون کے لمبے ہاتھ ملزم کی گردن تک پہنچ گئے ہیں۔ پولس نے ملزم کی شناخت کیرالہ کے مونّار جیل میں بند اور دہلی کے رہائشی نتین شرما عرف خالد (40 سال) کے طور پر کی ہے۔

پولیس کے مطابق 10 جولائی کو صبح 7:23 بجے kannannandik@gmail.com کے ای میل آئی ڈی سے بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کو دو مرتبہ ای میل بھیجا تھا اور خبردار کیا تھا کہ "ہم بھٹکل میں بم نصب کریں گے۔ بم 24 گھنٹے کے اندر پھٹ جائے گا۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس نے شہر کے ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ اور دیگر اہم مقامات پر بم ناکارہ بنانے والے اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعے معائنہ اور تلاشی کی کارروائی انجام دی اور ساتھ ہی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم نارائین کی رہنمائی میں گہرائی کے ساتھ تحقیقات شروع کی جس کے نتیجے میں پولس کی چھان بین اُنہیں نتین شرما تک لے گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزم نتین شرما نے کیرالہ کے مونّار پولیس اسٹیشن میں تفتیش کے لئے کسٹڈی میں رہتے ہوئے تملناڈو کے کنن گروسوامی نامی ایک اور کیس کے ملزم کا موبائل حاصل کیا اور اسی کے موبائل سےاور اُسی کے ای میل آئی ڈی کے ذریعے بھٹکل پولیس اسٹیشن کو دھمکی والا پیغام روانہ کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم نتین شرما نوئیڈا میں ایک خاتون کے ساتھ لیو ان ریلشن شپ میں رہتا ہے اور بے روزگاری کی وجہ سے دربدر پھرتا رہتا ہے ۔ کسی معاملے میں عدالت سے سزا پانے اور دہلی کے تہاڑ جیل میں ایک سال قید میں رہنے کے بعد اس کے دل میں پولیس کے ساتھ دشمنی پیدا ہوئی ۔ اس کا پرانا نام نتین شرما تھا، بعد میں اس نے اپنا نام خالد کے طور پر اپنایا ہے ۔
اس سے قبل اس نے کرناٹکا کے میسورو، رائَچور اور بلاری سمیت دوسرے کئی شہروں کے علاوہ کیرالہ کے چار پولیس اسٹیشنوں کو بھی اسی طرح بم سے اڑانے کی دھمکی والے پیغامات بھیجے تھے ۔ اس ضمن میں دہلی، پڈوچیری، مدھیہ پردیش، اوڈیشہ، آندھرا پردیش، اتر اکھنڈ جیسے ملک کے 16مختلف پولیس تھانوں میں ملزم شرما کے خلاف معاملات درج ہیں ۔
بھٹکل پولس نے بتایا کہ ملزم فی الحال مُونّار جیل میں ہی ہے اور بھٹکل پولس اس سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔