ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دکشن کنڑا ضلع اسپورٹس ہوسٹل میں بدعنوانیاں بے نقاب،لوک آیوکتہ کی اچانک چھاپہ ماری

دکشن کنڑا ضلع اسپورٹس ہوسٹل میں بدعنوانیاں بے نقاب،لوک آیوکتہ کی اچانک چھاپہ ماری

Sat, 23 Aug 2025 19:23:10    S O News
دکشن کنڑا ضلع اسپورٹس ہوسٹل میں بدعنوانیاں بے نقاب،لوک آیوکتہ کی اچانک چھاپہ ماری

منگلورو، 23 اگست (ایس او نیوز) کرناٹک لوک آیوکتہ  منگلورو ڈویژن کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر گنا پی کمار نے پولیس انسپکٹر بھارتی جی اور روی پوار سمیت دیگر عملے کے ساتھ 22 اگست کو منگلورو کے ماننگڈا میں واقع دکشن کنڑا ڈسٹرکٹ اسپورٹس ہوسٹل پر اچانک چھاپہ مارا۔ اس دوران کئی سنگین بے ضابطگیاں اور لاپروائیاں سامنے آئیں۔

معائنے میں پایا گیا کہ ہوسٹل کے کچن میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، اناج کا ذخیرہ موجود نہیں اور جو چاول فراہم کیا گیا تھا اس میں کیڑے پائے گئے۔ اسٹاک رجسٹر کی دیکھ بھال نہیں کی گئی تھی اور پکوان کے لیے کم معیار کا پامولین تیل استعمال کیا جا رہا تھا جس میں چکنائی کی مقدار زیادہ تھی۔

چھاپے کے وقت ہوسٹل میں 33 بچے مقیم تھے، مگر انہیں معیاری اورغذائیت بخش کھانا فراہم نہیں کیا جا رہا تھا۔ ڈائننگ ہال کی گنجائش محدود ہونے کے باوجود لڑکے اور لڑکیوں کو ایک ہی ہال میں کھانے پر مجبور کیا گیا تھا۔

زیادہ تر بچے کھلاڑی ہیں جو وظائف پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے گرانٹ ملنے کے باوجود مناسب کھانے کا انتظام نہیں تھا۔ حکومت ہر سال کھیلوں کے سامان کے لیے بھی فنڈ دیتی ہے، لیکن آدھے سال تک والدین کو اپنے بچوں کے لیے سامان خریدنے پر مجبور ہونا پڑا۔ کمپنی کے جوتے فراہم کیے گئے لیکن وہ ناقص معیار کے تھے اور چند ہفتوں میں خراب ہوگئے۔

ہوسٹل میں کئی کمرے موجود ہیں، لیکن ایک ہی کمرے میں پانچ بچوں کو رکھا گیا تھا۔ حکومت کھیلوں کے مقابلوں میں بچوں کو لے جانے کے لیے رقم دیتی ہے، مگر اس کے باوجود والدین کو اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے تھے۔ اس سے فنڈ کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا۔

طلبہ کو والدین سے بات کرنے کے لیے ٹیلی فون کی سہولت نہیں دی گئی تھی۔ کھیلوں کے مقابلوں کے دوران تعلیمی کلاسس متاثر ہو رہی تھیں، لیکن نہ ہی نئے کمپیوٹر فراہم کیے گئے اور نہ ہی موجودہ کمپیوٹر قابل استعمال حالت میں تھے۔ ریکارڈ سے ظاہر ہوا کہ طلبہ کو نہ تو مشاورتی نشستیں دی گئی تھیں اور نہ ہی صحت کی جانچ کی گئی تھی۔

یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ محکمہ یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ اسپورٹس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے دفاتر صرف 100 میٹر دور منگلا اسٹیڈیم میں ہیں، لیکن انہوں نے کبھی بھی ہوسٹل کا معائنہ نہیں کیا۔ رپورٹ میں کھانے کی قلت، ناقص سپلائی، ٹینڈر تبدیل نہ کرنے اور اسٹاک رجسٹر برقرار نہ رکھنے کی شکایت درج کی گئی۔

کرناٹک  لوک آیکتہ منگلورو ڈویژن کے انچارج ایس پی کمار چندر نے بتایا کہ ان تمام حقائق پر مشتمل ایک جامع رپورٹ لوک ایوکتہ کو پیش کی جائے گی۔


Share: