ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب اُپند ا میں کشتی اُلٹ گئی؛ لائف جیکٹ پہننے کی وجہ سے تمام 9 ماہی گیر محفوظ

بھٹکل کے قریب اُپند ا میں کشتی اُلٹ گئی؛ لائف جیکٹ پہننے کی وجہ سے تمام 9 ماہی گیر محفوظ

Sun, 03 Aug 2025 21:12:31    S O News
بھٹکل کے قریب اُپند ا میں کشتی اُلٹ گئی؛ لائف جیکٹ پہننے کی وجہ سے تمام 9 ماہی گیر  محفوظ

بھٹکل، 3 اگست (ایس او نیوز) — بھٹکل کے پڑوسی تعلقہ بیندور کے  اُپندا  ساحل پر اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب سمندر کی تیز و طوفانی لہروں کی زد میں آکر ایک ماہی گیری کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں کشتی پر سوار تمام نو ماہی گیر سمندر میں گرگئے۔ مگر خوش قسمتی سے کشتی میں سوار تمام 9 ماہی گیر لائف جیکٹ پہننے کی وجہ سے محفوظ طور پر کنارے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

حادثہ اتوار کی صبح اُس وقت پیش آیا جب ’شاردھا کھاروی‘ کی ملکیت والی ’شیو پرساد‘ نامی ماہی گیر کشتی صبح 11 بجے اُپندا  ساحل سے  بحر عرب  میں مچھلیوں کے شکار کے لئے نکلی تھی ۔ کشتی پر چندرا کھاروی، پرمود، پرجول، گوتم، بھاسکر، یوگی راج، گووند، بابو کھاروی اور دیپک سوار تھے۔  آگے بڑھتے ہی سمندر میں اچانک تیز و بلند لہروں نے کشتی کو الٹ دیا، جس کے نتیجے میں سبھی ماہی گیر سمندر میں  گرگئے۔

ماہی گیروں نے لائف جیکٹ پہن رکھی تھی، اسی وجہ سے وہ غرق ہونے سے رہ گئے اور جیکٹ نے اُنہیں  پانی میں غرق ہونے نہیں دیا۔ ان کو سمندر میں گرتا دیکھ  کر قریب میں موجود  دیگر ماہی گیروں نے فوری طور پر رسّیاں پھینک کر تمام افراد کو بحفاظت کنارے کھینچ لیا۔

حادثے کے باعث کشتی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کشتی کا انجن، جال اور دیگر ضروری ماہی گیری کے آلات، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، تباہ ہوچکے ہیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوسٹ  گارڈ پولیس تھانہ کے سب انسپکٹر سبرا منیا اور اہلکار راگھویندرا دیواڈیگا، ایشور، ناگیش، ستییش، رمیش، وجے، کے این ڈی کے اہلکار گریش اور جئے راج نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔

 


Share: