ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈی سی لکشمی پریا نے اتر کنڑا کو کیا الوداع؛ کہا؛ اس ضلع میں خدمات انجام دینا ناقابل فراموش تجربہ

ڈی سی لکشمی پریا نے اتر کنڑا کو کیا الوداع؛ کہا؛ اس ضلع میں خدمات انجام دینا ناقابل فراموش تجربہ

Wed, 11 Nov 2026 18:54:47    S O News
ڈی سی لکشمی پریا نے اتر کنڑا کو کیا الوداع؛ کہا؛ اس ضلع میں خدمات انجام دینا ناقابل فراموش تجربہ

کاروار، 11 /نومبر (ایس او نیوز)اتر کنڑا ضلع کی ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا میرے لیے انتہائی خوشگوار اور ناقابل فراموش تجربہ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سبکدوش ہونے والی ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے بدھ کے روز ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں 2 سال 4 ماہ کے دوران عوام، عوامی نمائندوں، مختلف محکموں کے افسران و ملازمین، سیاسی جماعتوں اور میڈیا نمائندوں کی جانب سے انہیں بھرپور تعاون حاصل رہا، جس کی بدولت وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سابقہ اضلاع میں خدمات کے تجربے کے مقابلے میں اتر کنڑا کے افسران اور ملازمین کی جانب سے انہیں غیر معمولی تعاون ملا۔

لکشمی پریا نے انکولہ پہاڑی تودہ حادثہ، کالی ندی کے پل کا انہدام، مردم شماری اور ایس آئی آر کے دوران تمام متعلقہ افراد کے تعاون کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکل حالات میں ملنے والی مدد کو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے ضلع پنچایت کے سی ای او ڈاکٹر دلیش ششی، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، اپنے دفتر کے پرسنل اسسٹنٹس، گاڑیوں کے ڈرائیوروں، ڈی گروپ ملازمین اور محافظوں کی خدمات کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع سے اچھی یادوں کے ساتھ رخصت ہو رہی ہیں۔

Lakshmi Priya  farewell-2

اس موقع پر ایم سی اے کے صدر و رکن اسمبلی ستیش سیئل نے کہا کہ لکشمی پریا نے ضلع میں کئی چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ان کی کوششوں اور انتظامی کاموں کو یاد کرتے ہوئے مستقبل میں بھی عوامی خدمات کے میدان میں کامیابی کے لیے نیک تمنائیں پیش کیں۔

نئے ڈپٹی کمشنر بھوئیر ہرشل نارائن راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع میں بہتر انداز سے کام کرنے کے لیے تمام افسران اور ملازمین کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی ترقی کے لیے سب کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے شروع کی جانے والی نئی اسکیموں کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے ساتھ بہتر انتظامیہ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا نے سبکدوش ہونے والی ڈپٹی کمشنر کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرتی تھیں اور وقت کی پروا کیے بغیر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی تھیں۔

انہوں نے انکولہ اور کالی پل حادثات، کینی بندرگاہ اور شراوتی پمپڈ اسٹوریج منصوبے کے سلسلے میں عوامی شکایات کی سماعت، فائلوں کی تیز رفتار یکسوئی، وغیرہ جیسے اقدامات کا ذکر کیا۔

تقریب میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این، اسسٹنٹ کمشنر رمیا، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرشنا مورتی اور ضلع پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری ایم ایس اللہ بخش سمیت ضلع اور تعلقہ سطح کے افسران نے شرکت کی اور سبکدوش ہونے والی لکشمی پریا اور نئے ڈپٹی کمشنر بھوئیر ہرشل نارائن راؤ کا استقبال کیا۔


Share: