کنداپور 26 / نومبر(ایس او نیوز) پولیس نے 24 نومبر کو کوٹیشور کے کوٹیلنگیشور مندر میں ایک خاتون کے گلے سے تقریباً 6 لاکھ روپے مالیت کا سونے کا ’منگل سوتر' چوری کرنے کے الزام میں پانچ خوتین کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے پاس درج کروائی گئی شکایت کے مطابق گیتا نامی خاتون 24 نومبر کی صبح تقریباً 10:30 بجے اپنے شوہر کے ساتھ دوائیں خریدنے کے لیے کنداپور روانہ ہوئی تھی۔
چونکہ کوٹیشور میں سالانہ ’کوڈی تہوار‘ منایا جا رہا تھا اس لیے یہ جوڑا کوٹیشور بائی پاس پر بس سے اترا اور کوٹیلنگیشور مندر گیا ۔ صبح تقریباً 11:30 بجے پوجا پاٹ اور مندر کے گرد چکر مکمل کرنے کے بعد دوپہر تقریباً 12:30 بجے وہ مندر کے احاطے کے باہر کھانا حاصل کرنے کے لیے ایک ہجوم والی قطار میں کھڑے ہوگئے ۔ اسی دوران نامعلوم افراد مبینہ طور پرگیتا کے گلے سے تقریباً 56 گرام وزنی سونے اور تقریباً 6 لاکھ روپے مالیت کا منگل سوتر چھین کر فرار ہو گئے۔
گیتا کی شکایت کی بنیاد پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے کنداپور پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت بھاگیہ (39 سال) ؛ اشونی ایل عرف گایتری (25 سال) ؛ کاماچی (50 سال)؛ اڈمل عرف اڈیمل (49 سال) اور ایس ناگراج (48 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے چوری کیا گیا سونے کا منگل سوتر برآمد کر لیا ۔ اس کےعلاوہ جرم کے ارتکاب میں استعمال کی گئی سلور کلر کی ایک ’مہندرا ٹی یو وی گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ اس گاڑی کی مالیت تقریباً 3 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔ ملزمان کے قبضے سے سات موبائل فون بھی ضبط کیے گئے ہیں ۔ گرفتاری کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔
یہ کارروائی کنداپور کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر ایچ ڈی کلکرنی کی رہنمائی اور کنداپور پولیس انسپکٹر جے رام ڈی گوڈا کی قیادت میں عمل میں لائی گئی ۔