بھٹکل، 26 نومبر (ایس او نیوز): بحیرۂ عرب کے ساحلی علاقوں سے ملک دشمن عناصر کی ممکنہ دراندازی روکنے کے لیے ساحلی حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے ہندوستانی بحریہ، کوسٹ گارڈ اور ساحلی حفاظتی دستوں کی جانب سے دو روزہ مشترکہ فرضی مشق کا آغاز بدھ کو ہوا۔
اس مشق کے تحت بھٹکل اور اطراف کے 27 اہم مقامات پر حفاظتی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان مقامات میں ریڈار سے لیس بھٹکل لائٹ ہاؤس، ماوِن کُروے، تنگن گنڈی، الویکوڈی بندرگاہ اور مرڈیشور سمیت دیگر حساس مقامات شامل ہیں۔
بھٹکل ساحلی حفاظتی دستے کی آپریشن نمبر 37 کی پولیس ٹیم کی قیادت انسپکٹر ریوتی نے کی۔ اس کارروائی میں پولیس کے 27 اہلکاروں اور چھ ہوم گارڈز نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ کاروار سے پہنچنے والی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیموں نے بھی مشق میں تعاون کیا۔
حکام کے مطابق یہ مشترکہ فرضی مشق جمعرات کی رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی۔ اس کا مقصد ساحلی علاقوں میں حفاظتی نظام کی تیاریوں اور مختلف حفاظتی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کا جائزہ لینا ہے۔