ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ: ہیلمیٹ آگاہی مہم کے تحت شاندار اسٹریٹ پرفارمنس؛ ہیلمیٹ نہ پہننے والے پچھلی سیٹ سوار کی "فرضی موت" نے لوگوں کو چونکا دیا

کمٹہ: ہیلمیٹ آگاہی مہم کے تحت شاندار اسٹریٹ پرفارمنس؛ ہیلمیٹ نہ پہننے والے پچھلی سیٹ سوار کی "فرضی موت" نے لوگوں کو چونکا دیا

Tue, 25 Nov 2025 13:31:03    S O News

کمٹہ 25/نومبر (ایس او نیوز): اتر کنڑا ڈسٹرکٹ پولیس اور کمٹہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے ہیلمیٹ آگاہی مہم کے تحت ماستی کٹے سرکل کے قریب ایک خصوصی اسٹریٹ ڈرامہ پیش کیا گیا، جس نے عوام کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ اس ڈرامے کا مقصد بائیک سواروں، بالخصوص پچھلی سیٹ پر بیٹھنے والوں میں ہیلمیٹ کے استعمال کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔

بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش کے۔ایم کی رہنمائی میں گوکړن پولس انسپکٹر شری دھر ایس۔آر اور ان کی ٹیم نے نیشنل ہائی وے 66 کے کنارے عوامی جگہ پر ڈرامہ پیش کیا۔ ’ہیلمیٹ پہنیں—جان بچائیں‘، ’میرا ہیلمیٹ—میری زندگی کا محافظ‘ اور ’میں محفوظ تو میرا خاندان محفوظ‘ جیسے سلوگنس پر مشتمل پمفلٹس کے ذریعے بھی لوگوں میں شعور بیدار کیا گیا۔

اسٹریٹ ڈرامے میں ایک بائیک کو دکھایا گیا جس پر آگے بیٹھا سوار ہیلمیٹ پہنے ہوئے تھا جبکہ پچھلی سیٹ پر بیٹھا نوجوان بغیر ہیلمیٹ کے تھا۔ بائیک کے اچانک بے قابو ہونے پر دونوں سوار سڑک پر گر پڑتے ہیں۔ اس منظر میں ہیلمیٹ نہ پہننے والا پچھلا سوار شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ دیتا ہے، جبکہ ہیلمیٹ پہنے آگے والا سوار محفوظ رہتا ہے۔

اس المناک منظر کے بعد ڈرامے کے کردار مقامی شہریوں کی طرح گھبراہٹ میں فون کرکے ایمبولینس اور گھر والوں کو اطلاع دیتے ہیں۔ اہل خانہ کے پہنچنے کا جذباتی منظر بھی دکھایا گیا، جس نے تماشائیوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ اسی دوران ایک ڈاکٹر آکر فرضی پوسٹ مارٹم رپورٹ پیش کرتے ہوئے سمجھاتے ہیں: “جان قیمتی ہے، اسے یوں ضائع نہ کریں۔ ہیلمیٹ آپ کی اور آپ کے خاندان کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔ زندگی دوبارہ نہیں ملتی—سوچیں، سمجھیں، اور ہیلمیٹ پہنیں۔”

ڈرامے میں خوبصورتی کے ساتھ یہ پیغام دیا گیا کہ بغیر ہیلمیٹ حادثہ محض جسمانی چوٹ نہیں بلکہ پورے خاندان کے لیے مستقل درد، مشکلات اور اذیت کا سبب بن سکتا ہے۔ دوسری جانب، ہیلمیٹ پہننے سے بغیر ہیلمیٹ حادثے کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ جان بچنے کے امکانات ہوتے ہیں۔

بھٹکل ڈی وائی ایس پی  مہیش کے۔ایم نے اسٹریٹ ڈرامہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ: اگر سوار ہیلمیٹ نہ پہنے تو ملک الموت سڑک ہی پر موجود ہوتا ہے۔ لوگ اکثر صرف دکھاوے کے لیے ہیلمیٹ پہنتے ہیں، جو زندگی بچانے کے مقصد کو پورا نہیں کرتا۔

حادثات میں بیشتر اموات سر پر چوٹ لگنے سے ہوتی ہیں، اس لیے اگلی اور پچھلی دونوں نشستوں پر ہیلمیٹ پہننا لازمی ہونا چاہیے۔


Share: