کاروار14/جولائی (ایس او نیوز) : نارتھ ویسٹ کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (NWKRTC) ، کاروار ڈویژن میں اب تک شَکتی اسکیم کے تحت 1.30 کروڑ سے زائد خواتین نے مفت سفر کا فائدہ اٹھایا ہے، جس کے تحت جاری کیے گئے ٹکٹوں کی مالیت 41.81 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس بات کی اطلاع کاروار تعلقہ گارنٹی عمل آوری کمیٹی کے صدر راجندر ایچ رانے نے دی۔
پیر کے روز کاروار بس اسٹانڈ پر منعقدہ شکتی اسکیم کے تحت منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں خواتین کی جانب سے شَکتی اسکیم کے تحت 500 کروڑ مفت سفر مکمل ہونے کے موقع پر اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے ۔راجندر رانے نے کہا کہ شَکتی اسکیم، ریاستی حکومت کی طرف سے انتخابات کے دوران اعلان کردہ پانچ گارنٹی اسکیموں میں سے ایک ہے، جسے جون 2023 میں نافذ کیا گیا تھا۔ آج یہ اسکیم ریاست بھر میں خواتین کی جانب سے 500 کروڑ سے زائد مفت سفروں کا سنگ میل عبور کر چکی ہے، اور تمام اہل خواتین اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرناٹک دنیا کی پہلی ریاست ہے جس نے خواتین کے لیے اس نوعیت کی مفت سفری اسکیم کو بڑے پیمانے پر نافذ کیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے دیگر چار اسکیموں—اَنّا بھاگیہ، گروہ جیوَتی، گروہ لکشمی اور یووا ندھی—کی بھی کامیاب عمل آوری کا ذکر کیا۔
تقریب کے دوران اُن ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کو اعزاز سے نوازا گیا جو اس اسکیم کی کامیابی کے اہم محرک سمجھے جا رہے ہیں۔ عوام اور مسافروں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور حکومت و ٹرانسپورٹ محکمہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔
اس موقع پر NWKRTC کاروار ڈویژن کی مینیجر سومیّا، تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر ویر ناگوڑا پی۔ ایناگوڑا، تعلقہ گارنٹی ترقیاتی کمیٹی کے ارکان، ٹرانسپورٹ بس کے ڈرائیور، کنڈکٹر، عوام اور دیگر افراد موجود تھے۔