کاروار، 9 اگست (ایس او نیوز) — شراوتی ندی کے کیچمنٹ ایریا میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث ہوناور کے قریب لنگن مکی ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ضلعی آفاتِ انتظامیہ اتھارٹی کے مطابق ڈیم کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1819.00 فٹ ہے، اور آج جمعرات صبح 8 بجے تک پانی کی سطح 1811.95 فٹ (85.05 فیصد) تک پہنچ گئی تھی۔
اس وقت جھیل میں پانی کا بہاؤ 11,200 کیوسیکس سے زیادہ ہے، اور اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو ڈیم جلد اپنی مکمل گنجائش تک پہنچ سکتا ہے۔ کے پی سی ایل (KPCL) لنگن مکی کے ایگزیکٹیو انجینئر نے عوامی نوٹس جاری کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ ڈیم کی حفاظت کے پیش نظر کسی بھی وقت اضافی پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔
ضلعی حکام نے شراوتی ندی کے کنارے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سیلاب کے خدشے والے علاقوں میں رہنے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے قیمتی سامان کے ساتھ نزدیکی ریلیف مراکز کا رخ کریں، جہاں انتظامات پہلے سے موجود ہیں۔
ماہی گیروں، سیاحوں اور عام عوام کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ندی یا اس کے اطراف میں داخل نہ ہوں، اور حالات بہتر ہونے تک ندی کناروں اور سمندر سے دور رہیں۔
ضلع اُترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے عوام سے کہا ہے کہ ہنگامی صورتِ حال میں ٹول فری نمبر 08382-229857 یا موبائل نمبر 9483511015 پر رابطہ کریں۔