ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: دنیش گنڈو راو نے کہا ؛اولا اور اوبر کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے ایمبولنس بُک کرنے کی سہولت دینے کا منصوبہ

کاروار: دنیش گنڈو راو نے کہا ؛اولا اور اوبر کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے ایمبولنس بُک کرنے کی سہولت دینے کا منصوبہ

Thu, 31 Jul 2025 19:42:56    S O News
کاروار: دنیش گنڈو راو نے کہا ؛اولا اور اوبر کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے ایمبولنس بُک کرنے کی سہولت دینے کا منصوبہ

کاروار 31 / جولائی (ایس او نیوز) ہم اولا اور اُوبر کی طرح موبائل ایپس کے ذریعے ایمبولنس سروس فراہم کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں جس کے ذریعے ایمبولنس خدمات کی قیمت پہلے سے طے کی جائے گی۔    اس بات کا اعلان وزیر صحت و خاندانی بہبود دنیش گنڈو راو نے کاروار میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ   ریاست بھر میں مریضوں کے لئے جو ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی اسے جلد ہی کرناٹکا پرائیویٹ میڈیکل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ  (کے پی ایم اے) کے تحت لانے کے لئے  آئندہ اسمبلی سیشن میں قانون منظور کیا جائے گا ۔ گنڈو راو کے مطابق  فی الحال ریاست میں جو ایمبولینس سروس فراہم کی جا رہی ہے اس کی خدمات اور معیار کے تعلق سے بہت ساری شکایات پائی جاتی ہیں ۔ اس لئے ایمبولینس کیسی ہونی چاہیے، اس کے اندر کیا کیا ضروری سہولت ہونی چاہیے، اس کا مقررہ کرایہ کیا ہونا چاہیے  ان تمام پہلووں پر غور کرتے ہوئے  قانون بنایا جائے گا۔

    انہوں نے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اب اس کے بعد ایمبولینس اور موبائل ہیلتھ یونٹس چلانے والوں کو پرائیویٹ اسپتالوں کی طرح کرناٹکا میڈیکل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کے تحت اپنے آپ کو رجسٹر کروانا ہوگا ۔ کے پی ایم سی ایکٹ کے تحت ایمبولینس کے ذریعے فراہم کی جا رہی خدمات کے مطابق ان کا کرایہ مقرر کیا جائے گا ۔ ایمبولینس سروس کی ضرورت ہونے پر اسے ایپ کے ذریعے بک کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ اس کی وجہ سے ایمبولینس سروس کی فراہمی میں شفافیت لائی جائے گی ۔ 

    انہوں نے بتایا کہ 108 ایمبولینس کی جو سروس ہے اسے اب ریاستی حکومت مکمل طور پر اپنے ہاتھ میں لے گی ۔ اس سلسلے میں ابتدائی تجربہ چامراج نگر ضلع میں کیا جا رہا ہے ۔ آگے چل کر اسے پوری ریاست میں لاگو کیا جائے گا ۔ آئندہ مہینے میں تمام اضلاع کے اندر اس کے لئے ایک الگ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور سرکاری افسران ہی 108 ایمبولینس سروس کا انتظام سنبھالیں گے ۔ 
    اتر کنڑا میں اینڈو سلفان مریضوں کے علاج کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ ہوناور میں ان کے علاج و معالجے کے لئے 100 بستروں والا ایک اسپتال قائم کرنے کی تجویز وزیر اعلیٰ کو پیش کی جائے گی ۔ اینڈو سلفان کے خطرناک اثرات کا معاملہ تیسری پشت تک پہنچ گیا ہے ، اس پر تحقیق اور مطالعہ کروانے پر غور کیا جائے گا ۔ بندر بخار کی روک تھام کے لئے ویکسین کی تیاری پر تحقیق ہو رہی ہے اور ایک سال کے اندر ویکسین تیار ہونے کی امید ہے ۔ 


Share: