کاروار ،9/ اگست (ایس او نیوز) دھرمستھلا مندر کو بدنام کرنے کی پوری طرح تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرمستھلا منجو ناتھ مندر کے اتر کنڑا بھکت ابھیمانی ویدیکے نے ضلع ڈپٹی کمشنر کو ایک میمورنڈم دیا۔
شہر کے ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں جمع ہونے والے دھرمستھلا بھکت ابھیمانی ویدیکے کے اراکین کا کہنا تھا کہ گریش منٹناور، مہیش شیٹی تیماروڈی، سنتوش شیٹی اور جینت ٹی وغیرہ مندر اور معزز ڈاکٹر ویریندرا ہیگّڑے کے خلاف نہایت نچلی سطح کی زبان استعمال کرتے ہوئے ویڈیو کلپس تیار کرکے سوشیل میڈیا پر پھیلا رہے ہیں ۔ مندر کا مقدس مقام کرناٹکا میں اپنی 800 سالہ قابل رشک تاریخ رکھتا ہے ۔ روزانہ ہزاروں بھکت اس مقام کے درشن کے لئے پہنچتے ہیں ۔ ایسی عقیدت اور بھکتی کے مقدس مرکز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو بھکتوں کی ناراضگی کا سبب بن گیا ہے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اپنے ذاتی مفاد کے لئے جھوٹے الزامات لگانے والے افراد کے پس منظر، ان کے بینک کھاتوں، موبائل فونس کے علاوہ ان کے گھروں اور دفتروں میں تحقیقات کی جانی چاہیے ۔ ان لوگوں کے موبائل فونس کے اندر ثبوت موجود ہونے کی جو بات کہی جا رہی ہے اس کی گہرائی سے جانچ ہونی چاہیے ۔
دھرمستھلا کے بھکتوں نے کہا کہ ان الزامات کے پس منظر میں ریاستی حکومت نے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ بھکتوں نے اس قدم کا استقبال کیا ہے ۔ اس تفتیش کو اطمینان بخش طریقے سے مکمل کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ سماج میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے ۔ منجوناتھ سوامی اور ڈاکٹر ویریندرا ہیگّڑے کے تعلق سے غلط اور جھوٹی باتیں عام کرنے والوں پر روک لگانے کے لئے اقدامات کرنا چاہیے ۔
اس موقع پر سابق رکن اسمبلی گنگا دھر بھٹ، ایم جی بھٹ، جے ڈی ایس لیڈر اوپیندرا پائی، سورج نائک سونی وغیرہ موجود تھے ۔