ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں سڑک حادثات پر قابو پانے کے لیے اے آئی اسمارٹ کیمرے نصب، 322 کروڑ روپے کا ایکشن پلان تیار

کرناٹک میں سڑک حادثات پر قابو پانے کے لیے اے آئی اسمارٹ کیمرے نصب، 322 کروڑ روپے کا ایکشن پلان تیار

Tue, 24 Nov 2026 11:25:42    S O News
کرناٹک میں سڑک حادثات پر قابو پانے کے لیے اے آئی اسمارٹ کیمرے نصب، 322 کروڑ روپے کا ایکشن پلان تیار

بنگلورو ،24/ نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک میں سڑک حادثات اور ان کے نتیجے میں ہونے والی اموات و زخمیوں کی تعداد میں نمایاں کمی لانے کے مقصد سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اسمارٹ نگرانی نظام متعارف کرنے، حادثات کے خطرناک مقامات کی سائنسی بنیادوں پر اصلاح اور ہنگامی طبی سہولتوں کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حکومت کی چیف سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش نے یہ بات بتائی۔

وہ اپنی صدارت میں منعقدہ کرناٹک اسٹیٹ روڈ سیفٹی اتھارٹی کے 24ویں اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی حفاظت صرف کسی ایک محکمہ کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ پولیس، ٹرانسپورٹ، صحت، محکمہ تعمیراتِ عامہ، شہری ترقیات اور مقامی اداروں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ یہ ایک اہم عوامی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر شالنی رجنیش نے بتایا کہ ریاست میں گاڑیوں کی تعداد مسلسل بڑھنے کے باوجود 2018 سے 2025 کے درمیان ہر 10 ہزار گاڑیوں کے لحاظ سے حادثات کی شرح میں 27 فیصد کمی درج کی گئی ہے۔ یہ شرح 17.28 سے گھٹ کر 12.56 ہوگئی ہے، جبکہ اموات کی شرح میں بھی 21 فیصد کمی ہوئی ہے اور یہ 4.55 سے کم ہوکر 3.59 رہ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران ریاست میں 37,443 سڑک حادثات پیش آئے، تاہم گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اموات کی تعداد میں 220 کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور حادثات کے بعد فرار ہونے والے ڈرائیوروں کی نشاندہی کے لیے ریاست میں 87 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں سے 27 مقامات پر اے آئی پر مبنی اسمارٹ کیمرے نصب کیے جاچکے ہیں، جبکہ 20 مقامات پر ای چالان نظام کے تحت کارروائی جاری ہے۔ اس نظام کے ذریعے اب تک 6,500 چالان جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ باقی 60 مقامات پر تنصیب اور متعلقہ کام جاری ہیں۔

اس کے علاوہ ریاستی اور مرکزی حکومت کے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز (MoRTH) کی جانب سے نشان زدہ حادثاتی مقامات (بلیک اسپاٹس) پر قلیل مدتی اور طویل مدتی اصلاحی اقدامات کو تیز کیا جارہا ہے۔

چیف سکریٹری نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ ڈرائیونگ ٹریننگ اداروں کی سرگرمیوں پر مسلسل نگرانی رکھی جائے اور ڈرائیونگ لائسنس کے امتحان میں شرکت کرنے والے ہر امیدوار کو ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ، رفتار پر قابو، شراب نوشی اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سے متعلق پابندیوں پر مشتمل بیداری ویڈیوز لازمی طور پر دکھائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ امیدواروں سے اس بات کی تحریری تصدیق بھی حاصل کی جائے کہ انہوں نے یہ ویڈیوز دیکھ لی ہیں اور ٹریفک قوانین و حفاظتی اصولوں سے واقفیت حاصل کرلی ہے۔

حادثات کے متاثرین کو فوری علاج فراہم کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی پی ایم راحت اور ریاستی حکومت کی سی ایم آروگیہ کرناٹک اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 2.50 لاکھ روپے تک کی کیش لیس طبی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

15 اپریل 2026 سے نافذ پی ایم راحت اسکیم کے تحت حادثے کے متاثرین کو سات دن تک زیادہ سے زیادہ 1.50 لاکھ روپے تک کا مفت علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ آروگیہ کرناٹک اسکیم کے تحت مزید ایک لاکھ روپے کی طبی امداد دستیاب ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے۔ ریاست کے 3,445 سرکاری اور خانگی اسپتال اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔

ہنگامی طبی امداد کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 108 اور 102 ایمبولنس خدمات کو 112 ہیلپ لائن کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 100 نئی بی ایل ایس (بیسک لائف سپورٹ) ایمبولنسوں کی خریداری مکمل کرلی گئی ہے اور انہیں بہت جلد عوامی خدمات کے لیے دستیاب کرایا جائے گا۔ ساتھ ہی ضلعی اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یو) کو بھی جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے۔

سال 2026-27 کے لیے سڑکوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات کے تحت مجموعی طور پر 322 کروڑ روپے کا ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس میں جاری ترقیاتی و اصلاحی کاموں کے لیے 233.11 کروڑ روپے جبکہ نئے منصوبوں کے لیے 88.89 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر شالنی رجنیش نے مزید بتایا کہ سڑکوں کی حفاظت اور ٹریفک قوانین کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ، سنیما گھروں اور بس اسٹینڈوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے گی۔

اجلاس میں محکمہ شہری ترقیات کے سکریٹریز، محکمہ تعمیراتِ عامہ کے عہدیداروں اور ٹریفک پولیس کے کمشنر سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔


Share: