بنگلورو، 24 نومبر (ایس او نیوز): متنازعہ کتاب ’بسوا مَنٹپ‘ کے معاملے میں اپنے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرانے کی درخواست کے ساتھ مصنف روی ہنج نے کرناٹک ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
اپنی درخواست میں اس نے کہا ہے کہ شکایت کنندہ اروند جٹی نے ذاتی دشمنی کی بنیاد پر اس کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ کتاب ’بسوا مَنٹپ‘ میں بیان کردہ باتیں اس کی ذاتی آرا نہیں ہیں بلکہ یہ میسور گزٹئیر، بسوا پران اور ڈاکٹر ایم ایم کلبرگی سمیت متعدد محققین کی تحقیقی تصانیف پر مبنی ہیں۔
اس نے ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ تاریخی اور ادبی تنقید کرنا اظہارِ خیال اور اظہارِ رائے کی آزادی کا حصہ ہے۔ اس کتاب کا مقصد نہ تو بسونا کی توہین کرنا ہے اور نہ ہی لنگایت برادری کی بے عزتی کرنا۔
روی ہنج نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ ایک شخص نے کھلے عام انہیں قتل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث انہیں تفتیش کے لیے حاضر ہونے کی صورت میں اپنی جان کا خطرہ لاحق ہے۔ اس نے الزام لگایا کہ قانونی کارروائی کا غلط استعمال کرتے ہوئے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ لہٰذا اس نے ہائی کورٹ سے اپنے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ اس کتاب کے متنازعہ مواد پر کرناٹک میں کانگریس کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے بھی کئی رہنماؤں نے اعتراض کیا ہے۔ ان رہنماؤں نے سماجی مصلح بسونا کے خلاف مبینہ توہین آمیز تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے مصنف روی ہنج اور ناشر وشویشور بھٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
درخواست میں شکایت کنندہ اروند جٹی اور ایف آئی آر درج کرنے والے ہائی گراؤنڈز پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست پر آج سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔