نالندہ، 21 ستمبر (ایس او نیوز): بھوجپوری اداکارہ کاجل راگھوانی کو بہار کے نالندہ ضلع کے بہار شریف میں ایک جیولری شوروم کے افتتاح کے دوران شدید بدنظمی اور بے قابو بھیڑ کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکارہ کی ایک جھلک دیکھنے اور ان کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔ حالات اس وقت بگڑ گئے جب بھیڑ نے ان کے قافلے کی ایک ٹویوٹا فارچیونر کا پیچھا کیا اور اس پر پتھراؤ کرتے ہوئے اس کے کئی شیشے توڑ دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاجل راگھوانی نالندہ کے لَہیری تھانہ علاقے میں نالا روڈ پر واقع ایک جیولری شوروم کے افتتاح کے لیے پہنچی تھیں۔ ان کے وہاں پہنچنے کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں مداح موقع پر جمع ہونے لگے۔ لوگ اداکارہ کو قریب سے دیکھنے، تصویر اور سیلفی لینے کی کوشش کرنے لگے، جس کے نتیجے میں بھیڑ مسلسل بڑھتی گئی اور پروگرام کے باہر دھکم پیل اور افراتفری کی صورت حال پیدا ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد گاڑی کے پیچھے دوڑتے ہوئے ان کو قریب سے دیکھنے کے لئے بے چین تھے۔ جس کے دوران ہجوم میں موجود بعض افراد نے ایک ٹویوٹا فارچیونر پر پتھراؤ کیا، جس سے اس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ہجوم کو شبہ تھا کہ کاجل اسی گاڑی میں موجود ہیں۔ تاہم واضح کیا گیا ہے کہ پتھراؤ کا نشانہ بننے والی فارچیونر میں کاجل راگھوانی موجود نہیں تھیں۔
اسی دوران کاجل کو بھیڑ سے نکالنے کی کوشش کی گئی۔ رپورٹس کے مطابق شوروم کے آپریٹر اور سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں عمارت سے محفوظ طریقے سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انہیں ڈرائیور کی جانب والے دروازے سے نکالا گیا، جبکہ بعض میں بیسمنٹ کے راستے سے باہر لے جایا گیا۔ جہاں سے انہیں وہاں سے روانہ کردیا گیا۔
ہنگامے کی اطلاع ملنے کے بعد لَہیری تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور بھیڑ کو کنٹرول کیا۔ پولیس اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ گاڑی پر پتھراؤ کس نے کیا اور واقعہ کس طرح پیش آیا۔
پروگرام کی اجازت پر بھی سوال
واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں میں تشویش پیدا ہوئی۔ اس کے بعد کاجل راگھوانی نے خود سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کرکے بتایا کہ وہ بالکل محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کی تشویش اور محبت پر شکریہ ادا کیا اور ان کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل بھی کی۔
کاجل راگھوانی بھوجپوری فلم انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔