گوڈا ، 7/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جھارکھنڈ کے ضلع گوڈا میں ایس آئی آر کے دوران تقریباً ۲۰۰؍ ووٹروں کے نام حذف کرانے کیلئے فارم۷؍ جمع کرانے کے الزام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹ ونئے کمار منڈل کو گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم گرفتاری کے چند گھنٹے بعد اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔گوڈا تھانے میں ۳؍ ستمبر کو درج ایف آئی آر کے مطابق منڈل پر بھارتیہ نیائے سنہتا کی ان دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جو جعل سازی اور امن میں خلل ڈالنے کے ارادے سے دانستہ توہین سے متعلق ہیں۔ اسکے علاوہ عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ ۳۱؍بھی لگائی گئی ہے، جو انتخابی فہرستوں کی تیاری کے دوران غلط بیانی سے متعلق ہے۔
یہ معاملہ گوڈا بلاک کے پچروکھی گاؤں کے بوتھ نمبر۲۳۱؍ سے متعلق ہے۔ شکایت کنندہ مکرم انصاری کے مطابق منڈل نے اس بوتھ کے تقریباً ۲۰۰؍ ووٹروں کے خلاف فارم ۷؍ جمع کرائے۔ انصاری کا کہنا ہے کہ ان تمام افراد کے نام ووٹر لسٹ میں درست ہیں اور فارم۷؍ کے ذریعے ان کے نام حذف کرانے کی کوشش کی گئی۔بوتھ لیول آفیسر ساجدہ بی بی نے بھی تصدیق کی کہ ۲۹؍ اگست کو منڈل تقریباً۲۰۰؍ فارم۷؍ لے کر ان کے پاس پہنچا تھا۔ انکے مطابق جب انہوں نے فارم دیکھے تو معلوم ہوا کہ ان میں بڑی تعداد میں مسلم ووٹرز کے نام شامل تھے، جن میں خود ساجدہ بی بی اور انکے شوہر کے نام بھی موجود تھے۔ساجدہ بی بی کے مطابق منڈل نے فارم ان کے شوہر کے حوالے کرتے ہوئے ان پر دستخط کرنے اور رسید دینے کا مطالبہ کیا۔ تاہم انہوں نے پہلے دستاویزات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا اور فارم وصول کرنے سے انکار کردیا۔
منڈل نے یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ تقریباً۲۰۰؍ فارموں میں زیادہ تر نام مسلم ووٹروں کے تھے، تاہم اس کا کہنا تھا کہ اس کے اپنے گاؤں، جہاں ہندو آبادی زیادہ ہے، وہاں بھی ایک بی ایل اے نے اسی طرح کے فارم جمع کرائے تھے۔کانگریس کے ضلع جنرل سکریٹری اکبر علی نے بتایا کہ انہیں بڑے پیمانے پر فارم ۷جمع کرائے جانے کی اطلاع ملی تو وہ ساجدہ بی بی کے گھر پہنچے۔ مقامی لوگوں نے منڈل کو بلا کر معاملے کی وضاحت طلب کی، جس کے بعد پولیس اور بلاک حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور شکایت درج کرائی گئی۔
جھارکھنڈ کے چیف الیکٹورل آفیسر کے روی کمار نے کہا ہے کہ بی ایل اوز فارم ۷ وصول کرنے سے انکار نہیں کرسکتے۔ ان کے مطابق کسی ووٹر کا نام صرف فارم ۷جمع ہوجانے کی بنیاد پر حذف نہیں کیا جاتا بلکہ اس سے قبل باقاعدہ جانچ پڑتال ضروری ہے۔دوسری جانب سابق گوڈا بی جے پی رکن اسمبلی امیت منڈل نے ونئے منڈل کا دفاع کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسے بعض لوگوں نے ’غلط طور پر یرغمال‘ بنایا اور اس واقعے میں لنچنگ جیسے حملے کا خطرہ پیدا کیا گیا۔ انہوں نے اس معاملے میں آر جے ڈی کا ہاتھ ہونے کا بھی الزام عائد کیا۔