بنٹوال ،4/ اکتوبر (ایس او نیوز) دکشن کنڑا ضلع میں غیر قانونی ذبیجہ کی سرگرمیوں کی پاداشت میں ملزم کا گھر ضبط کرنے کی اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی سامنے آئی ہے ۔
بنٹوال دیہی پولیس اسٹیشن حدود میں آنے والے پاڈی میں ماری پلہ کے نزدیک مبینہ طور پر غیر قانونی مذبح کے طور پر استعمال ہونے والے ایک مکان کو پولیس نے بحق سرکار ضبط کرلیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ضبط کیا گیا یہ مکان پاڈی علاقے کے پڈو گاؤں کے رہنے والے حسن ابّا کی ملکیت ہے اور اس گھر کو غیر قانونی مذبح کے طور پر چلانے کا الزام ہے۔
حسن ابّا کے خلاف بنٹوال دیہی پولیس اسٹیشن کرائم نمبر 123/2025، کے تحت بی این ایس کی دفعہ 303 اور گئو رکھشا قانون کی دفعہ 4، 7، 12 اور گائے کے ذبیحہ پر پابندی ایکٹ کی دفعہ 11(D) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، اور اسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا تھا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حسن ابّا کی اسی طرح کے جرائم کی تاریخ رہی ہے ۔ 2017 میں اس کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 379 کے ساتھ ساتھ گائے کے تحفظ کے قانون اور گائے کے ذبیحہ پر پابندی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ پھر 2018 میں اسی طرح کی دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ حسن ابّا کی طرف سے بار بار قانون کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر بنٹوال پولیس نے منگلورو کے اسسٹنٹ کمشنر اور سب ڈیویژنل مجسٹریٹ سے کارروائی کی سفارش کی تھی ۔پولیس کی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے منگلورو کے اسسٹنٹ کمشنر اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے کرناٹک پریوینشن اینڈ پروٹیکشن آف کیٹل ایکٹ، 2020 کی دفعہ 8(4) اور 8(5) کے تحت جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کیا اور اس کے مطابق 25 ستمبر کو کیس نمبر MAG/SR 44/2025-44/2025-44-5-46-5 کے تحت جائیداد ضبط کر لی گئی ۔
ضلع ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ جنوبی کنڑ میں یہ پہلا واقعہ ہے جہاں غیر قانونی مذبح کو چلانے کے لیے استعمال ہونے والے مکان کو ضبط کیا گیا ہے ۔