ہوناور ، 30 /نومبر(ایس او نیوز) میسورو کے ایک اسکول کے طلباء پر مشتمل ایک سیاحتی بس اُتر کنڑا کے ہوناور تعلقہ کے گیر سوپا کے قریب "سولے مرکی کراس" پر الٹ جانے کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اتوار کو پیش آیا۔
ہلاک ہونے والے طالب علم کی شناخت میسورو کے ٹی -لے آؤٹ میں واقع ایک ہائی اسکول کے دسویں کلاس کے طالب علم پون کے طور پر کی گئی ہے۔
طلباء کا یہ گروپ ضلع شیموگہ کے جوگ فال کی سیر کے بعد ایک ذرائع کے مطابق گوکرن اور دوسرے ذرائع کے مطابق مرڈیشور جا رہا تھا، اس دوران بس، ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی اور سڑک پر الٹ گئی۔ حادثے کے وقت بس پر تقریباً 50 افراد سوار تھے، جن میں طلباء اور عملہ شامل تھا۔ مقامی لوگ اور پولیس فوراً ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئے اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہوناور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ چند طلباء کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں علاج فراہم کیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر کاویارانی اور بی ای او ونائک سمیت دیگر عملہ اسپتال پہنچااور زخمیوں کی صحت و علاج کی نگرانی کی، ساتھ ہی ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو مناسب اور فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ "سولے مرکی کراس" پہلے ہی حادثات کے حوالے سے بدنام ہے۔ مقامی لوگ اور طلباء کے والدین سڑک کی غیر سائنسی تعمیر اور محکمہ کی دیکھ بھال میں کوتاہی کو اس طرح کے حادثات کی بنیادی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اس حادثے کی مکمل تحقیق کی جائے اور مستقل اقدامات کے ذریعے ایسے حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جائے۔
