ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سمیت اُترکنڑا میں بلند سمندری لہروں کا خطرہ؛ جالی بیچ پر بھیڑ جمع کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کا انتباہ

بھٹکل سمیت اُترکنڑا میں بلند سمندری لہروں کا خطرہ؛ جالی بیچ پر بھیڑ جمع کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کا انتباہ

Wed, 18 Jun 2025 21:17:56    S O News
بھٹکل سمیت اُترکنڑا میں بلند سمندری لہروں کا خطرہ؛ جالی بیچ پر بھیڑ جمع کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کا انتباہ

بھٹکل، 18 جون (ایس او نیوز): بحرعرب  میں بلند لہروں کے خدشے کے پیش نظر اُترکنڑا  ڈپٹی کمشنر اور ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 18 اور 19 جون کے دوران سمندر کے قریب جانے سے مکمل طور پر گریز کریں، کیونکہ اس دوران لہروں کی اونچائی 3.7 میٹر سے بڑھ کر 4.2 میٹر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

یہ وارننگ محکمہ موسمیات (IMD) اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر (KSNDMC) کی پیشن گوئی کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے، جس میں کاروار کے ماجالی سے لے کر بھٹکل تک تمام ساحلی پٹی کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محترمہ لکشمی پریا نے پریس بیان جاری کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ عوام ساحلی تفریحی مقامات، دریاؤں، ندیوں یا کسی بھی آبی علاقے کے قریب نہ جائیں، اور خاص طور پر والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بھی ان علاقوں میں جانے سے روکیں۔ اس عرصے کے دوران ساحلی سرگرمیوں اور کھیل کود پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مزید برآں، ضلع انتظامیہ نے ماہی گیری پر بھی سختی سے روک لگا دی ہے، اور چھوٹی و درمیانی کشتیوں کو سمندر میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ مانسون کے دوران ماہی گیری پر پہلے ہی ریاست گیر پابندی عائد ہے، مگر اس تازہ الرٹ کے بعد نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جالی بیچ پر بہہ کر آئے کارگو بارج کو دیکھنے کے لیے ساحل کا رُخ نہ کریں۔ تنظیم کے ذمہ داران نے بتایا کہ بھٹکل پولیس کی جانب سے بھی سخت ہدایت دی گئی ہے کہ خراب موسم اور خطرناک سمندری لہروں کے باوجود اگر لوگ ساحلی علاقوں میں جمع ہوتے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی ناگزیر ہوگی۔ تنظیم نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی وارننگ کو سنجیدگی سے لیں، حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔

عوام کی سہولت اور ایمرجنسی رابطے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے درج ذیل ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے ہیں:
📞 24x7 ٹول فری نمبر: (08382)-229857
📱 واٹس ایپ نمبر: 9483511015


Share: