بھٹکل، 8 جون (ایس او نیوز): بحیرۂ عرب میں بننے والے کم دباؤ کے نظام اور جنوب مغربی مانسون کی پیش قدمی کے باعث ساحلی کرناٹکا میں بارشوں کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ضلع اُتر کنڑا سمیت ساحلی کرناٹکا کے تینوں اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے بعد پیر کو بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، گوکرن اور سرسی میں صبح سے دوپہر تک موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے۔
صبح تقریباً سات بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک ہونے والی تیز بارش کے باعث اسکول جانے والے طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور عام شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمدورفت متاثر رہی جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔
شدید بارش کے نتیجے میں بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کے داخلی کوریڈور سمیت اندر کمرے میں بھی مٹی اور کیچڑ ملا پانی داخل ہوگیا، جس سے مریضوں اور تیمارداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح اولڈ بس اسٹینڈ سے لکڑی ڈپو تک مین روڈ پر پانی جمع ہونے کے باعث پیدل چلنے والوں اور دو پہیہ گاڑی سواروں کو شدید پریشانی پیش آئی۔

دریں اثنا، مخدوم کالونی پہاڑی سے سرابی ندی کی جانب بہنے والے بارش کے پانی کی نکاسی کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر مقامی عوام نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق بندر روڈ پر حال ہی میں پختہ سڑک تعمیر کی گئی ہے، تاہم بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے نالے یا ڈرینیج کا مناسب انتظام نہیں کیا گیا، جس کے باعث پہاڑی سے آنے والا سارا پانی سڑک پر بہنے لگا اور پوری سڑک نالے کا منظر پیش کرنے لگی۔ یہ پانی بعد میں ڈونگر پلی اور خضر اسٹریٹ جیسے نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا، جہاں بعض گھروں میں بھی پانی گھس جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے اُتر کنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا اضلاع میں 8 جون سے 11 جون تک شدید بارش کے امکان کے پیش نظر ریڈ الرٹ کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق اس دوران کئی مقامات پر 7 سے 12 سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے جبکہ 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ ماہی گیروں اور ساحلی علاقوں کے مکینوں کو احتیاط برتنے اور سمندر کے قریب نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون کرناٹکا میں مکمل طور پر سرگرم ہوچکا ہے اور آئندہ ایک ہفتے کے دوران ریاست کے بیشتر علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش متوقع ہے۔ بحیرۂ عرب میں موجود موسمی نظام کے اثرات کے سبب ساحلی اور اندرونی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر مختلف اضلاع میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔
ادھر اطلاعات کے مطابق پیر کو بھٹکل کے علاوہ ہوناور، کمٹہ، گوکرن اور سرسی میں بھی اچھی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ضلع ہیڈکوارٹر کاروار میں بارش کی شدت نسبتاً کم اور معمول کے مطابق رہی۔