ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں تین روزہ جیک فروٹ میلہ کا شاندار آغاز؛ ریاست کے مختلف علاقوں سے 70 سے زائد اسٹالس

بھٹکل میں تین روزہ جیک فروٹ میلہ کا شاندار آغاز؛ ریاست کے مختلف علاقوں سے 70 سے زائد اسٹالس

Fri, 18 Jul 2025 21:16:14    S O News
بھٹکل میں تین روزہ جیک فروٹ میلہ کا شاندار آغاز؛ ریاست کے مختلف علاقوں سے 70 سے زائد اسٹالس

بھٹکل، 18 جولائی (ایس او نیوز)  بھٹکل میں تین روزہ جیک فروٹ میلہ کا آج جمعہ کو شاندار آغاز ہوا، جس میں کرناٹک کے مختلف علاقوں جیسے مینگلور، بنٹوال، کارکلا، سولیّا، پُتور، گلبرگہ، ٹمکورو، کوپّل، اُڈپی اور بارکور سمیت متعدد شہروں سے آئے ہوئے نمائندوں نے 70 سے زائد اسٹالز لگائے ہیں۔ ان اسٹالز میں جیک فروٹ (فنس) کی مختلف اقسام پیش کی گئی ہیں، جو ذائقے اور معیار کے لحاظ سے خاصی منفرد ہیں۔

جیک فروٹ جسے بھٹکل کی نوائطی زبان میں فنس کہا جاتا ہے، ایک میٹھا، ذائقے دار اور مقبول پھل ہے۔ یہ پھل نہ صرف بھٹکل بلکہ اطراف کے علاقوں میں بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ میلے میں فنس کے جوس کے علاوہ چپس، جلیبی، کباب، منچورین، شیرا، سویٹ، حلوہ، کیک، پاپڑ، میٹھی روٹی، آئس کریم اور دیگر صحت بخش مصنوعات کے اسٹالس عوام کی دلچسپی کا مرکز بنے رہے۔

jackfruit-mela-2

اس کے ساتھ ساتھ فنس کے علاوہ دیگر پھلوں کے پودے، آرگینک شہد، آیورویدک اشیاء، اور گھریلو ساختہ مصنوعات بھی پیش کی گئی ہیں۔ خاص طور پر کورگ اور مڈکیری جیسے ٹھنڈے علاقوں سے لایا گیا ذائقہ دار اور مشہور پھل اوکاڈو (Avocado) کا اسٹال بھی کافی مقبول رہا۔

اگرچہ شام کے وقت شہر میں موسلادھار بارش جاری تھی، تاہم اس کے باوجود بھٹکل اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں عوام میلے میں شریک ہوئے۔ میلہ کل ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رہے گا، اور روزانہ صبح 10 بجے سے رات 9 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔

یہ میلہ موڈ بھٹکل بائی پاس کے قریب، نیشنل ہائی وے کنارے واقع شری راگھویندرا مٹھ ہال میں منعقد کیا گیا ہے، جس کا اہتمام اسپندنا چیری ٹیبل ٹرسٹ اور رنجن انڈین گیس ایجنسی کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب شام 4:30 بجے عمل میں آئی، جس میں رنجن انڈین گیس ایجنسی کی مالک شیوانی شانتارام نے جیک فروٹ کاٹ کر میلہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسپندنا ٹرسٹ کے رگھویندرا نائک، گنیش شیٹی، کسان سنگھا کے صدر شری دھر ہیبّار، روٹری کلب کے سکریٹری اور جالی پٹن پنچایت کے رکن مصباح الحق، لائن کلب مرڈیشور کے صدر کرن کائیکنی سمیت متعدد معزز مہمانان موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: