ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کتوں کے حملے میں چار سالہ بچہ شدید زخمی؛ والدہ کی بروقت مداخلت سے بچ گئی جان

کتوں کے حملے میں چار سالہ بچہ شدید زخمی؛ والدہ کی بروقت مداخلت سے بچ گئی جان

Mon, 07 Jul 2025 18:24:57    S O News
کتوں کے حملے میں چار سالہ بچہ شدید زخمی؛ والدہ کی بروقت مداخلت سے بچ گئی جان

بھٹکل، 7 جولائی (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کے ضلع رائچور میں آوارہ کتوں کے ایک دل دہلا دینے والے حملے میں چار سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ واقعہ اتوار کو 10 محرم کی چھٹی کے دوران اُس وقت پیش آیا جب کمسن محمد نعمان اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق پہلے ایک کتے نے اچانک حملہ کرتے ہوئے بچے کی گردن دبوچ لی اور اسے گھسیٹنے لگا۔ اس کے فوراً بعد مزید چار آوارہ کتوں نے مل کر بچے پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، بچے کی ماں جو کچھ فاصلے پر کھڑی تھی، فوری طور پر دوڑ کر موقع پر پہنچی اور پتھر پھینک کر چاروں کتوں کو بھگا دیا۔ گردن دبوچے ہوئے کتے کو بچے سے الگ کرنا انتہائی مشکل ثابت ہوا، مگر آخرکار بڑی جدوجہد کے بعد ماں نے اپنے بیٹے کو بچا لیا۔

نعمان کو فوری طور پر شدید زخمی حالت میں رائچور کے ریمس اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہے۔ وہ فی الحال ہوش میں ہے اور اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ نعمان، جو ایل کے جی کا طالب علم ہے، کو سر، گردن اور چہرے پر گہرے زخم آئے ہیں۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بچے کے والد محمد فاروق نے بتایا کہ یہ اللہ کا کرم ہے کہ ان کا بیٹا بچ گیا، ورنہ کتوں کی ٹولی نے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کو تنہا باہر نہ جانے دیں۔

فاروق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مقامات اور رہائشی علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر فوری قابو پایا جائے اور ان کتوں کو پکڑ کر محفوظ طریقے سے جنگلات میں چھوڑا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے دردناک واقعات سے بچا جا سکے۔


Share: