منگلورو 2 / ستمبر (ایس او نیوز) منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافر کی ٹرالی بیگ سے سونے کے زیورات چوری کرنے کے ایک معاملے میں بجپے پولیس نے لگیج ہینڈلنگ کرنے والے عملے کے چار افراد کو حراست میں لیا ہے ۔
پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چاروں افراد ایئرپورٹ پر سامان کی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کے کام پر تعینات تھے ۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب سی آر پی ایف جوان ہریکیش کی بیوی راجیشوری پدمشالی 30 اگست کی صبح 9:30 بجے ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز سے بنگلورو سے منگلورو پہنچی ۔ وہ ایک رشتہ دار کی شادی میں شرکت کے لیے جا رہی تھی ۔ ٹرمینل کے باہر اپنا سامان جمع کرنے پر اس نے دیکھا کہ اس کے ٹرالی بیگ کا تالا ٹوٹا ہوا ہے ۔ چیک کرنے پر اسے معلوم ہوا کہ تقریباً 4.5 لاکھ روپے مالیت کا 56 گرام وزنی سونے کا ہار بیگ سے غائب ہے ۔اس نے فوراً بجپے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔
موصولہ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مقدمہ درج کیا اور ایئرپورٹ کے چار لوڈنگ عملے کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان میں سے دو کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ماضی میں ہوائی اڈے پر سامان کے غیر قانونی طور پر کھولے جانے اور سونے کے زیورات اور موبائل فون جیسی قیمتی اشیاء کے چوری ہونے کی کئی شکایات سامنے آئی ہیں ۔ مسافروں نے بار بار ہوائی اڈے کے حکام کے سامنے غصے کا اظہار کیا ہے جب کہ کچھ لوگوں نے باقاعدہ پولیس شکایت درج کروائی ہے ۔