
کنداپور، 31 / اگست (ایس او نیوز) کنداپور پولس نے گھروں میں چوری کی وارداتیں انجام دینے والی بین الریاستی ٹولی سے تعلق رکھنے والے چار ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
گرفتار شدگان کی شناخت لکھن کلکرنی (31 سال)، سندیپ لواٹے (25 سال)، ویویک کمبار (26 سال) اور عزیز عرف چھوٹے (28 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ تمام ملزمین مہاراشٹر کے سولاپور کے رہائشی ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کنداپور پولیس نے ملزمین کو اترا کنڑ ضلع کے ہلیال سے باڈی وارنٹ کے ذریعے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ 19 جولائی کو ملزمین نے کنداپور سٹی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع بی بی روڈ، ویسٹ بلاک پر واقع روہت نامی شخص کے گھر میں گھس کر مبینہ طور پر کئی لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور قیمتی سامان چوری کر لیا ۔ انہوں نے کنداپور میں پی رویندرا کی رہائش گاہ پر بھی ڈکیتی کی تھی اور 4.57 لاکھ روپے کے سونے اور چاندی کے زیورات چرا لیے تھے ۔
اس کے علاوہ یہ ملزمین ہلیال پولیس اسٹیشن کی حدود میں بھی چوری کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ ہلیال میں گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے کندا پور میں پیش آئی چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ۔ اس کی بنیاد پر کندا پور پولیس نے ان کی تحویل حاصل کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین میں سچن عرف لکھن کے خلاف کرناٹک کے مختلف مقامات پر 28 مقدمات درج ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں میں بھی اس کے خلاف مقدمات درج ہیں اور وہ پہلے ہی تین مقدمات میں مجرم ٹھہرایا جا چکا ہے ۔ ایک اور ملزم عزیز کے خلاف کرناٹک میں دو مقدمات درج ہیں اور مہاراشٹر میں بھی اسے مقدمات کا سامنا ہے ۔ سندیپ کے خلاف بھی مہاراشٹرا میں ڈکیتی اور چوری کے مقدمات درج ہیں ۔