کاروار، 21/ اکتوبر (ایس او نیوز )اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے کہا کہ پولیس شہداء کا دن محض یادگاری دن نہیں ہے، بلکہ یہ ان پولیس اہلکاروں کی ہمت، فرض شناسی، لگن اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا موقع ہے، جو عوام کی حفاظت کے لیے خطرات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔
وہ بدھ کو کاروار کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ پولیس شہداء کے دن کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کی یادگار پر پھول نچھاور کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جب عوام اپنے گھروں میں اطمینان سے سو رہے ہوتے ہیں، اس وقت پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہوتے ہیں۔ تہواروں اور دیگر اہم مواقع پر بھیڑ کو قابو میں رکھنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے علاوہ، حادثات، قدرتی آفات اور فرقہ وارانہ کشیدگی جیسے ہنگامی حالات میں پولیس اہلکار عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جان تک خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ ایسے اہلکاروں کی خدمات، بہادری اور فرض شناسی کی معاشرے کو ہمیشہ قدر کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر پولیس اہلکار کی وردی کے پیچھے ایک خاندان ہوتا ہے۔ جب کوئی پولیس افسر یا اہلکار دورانِ ڈیوٹی اپنی جان قربان کرتا ہے تو ملک اپنے ایک محافظ سے محروم ہوجاتا ہے، جبکہ اس کا خاندان اپنے عزیز کو کھو دیتا ہے۔ اس لیے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا صرف پھول چڑھانے اور سلامی دینے تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی یاد رکھنا اور ضرورت کے وقت انہیں ضروری تعاون فراہم کرنا چاہیے۔ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر دلیش ششی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قانون اور نظم و ضبط برقرار رکھنا صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔ ہر شہری کو قانون کی پابندی کرنے، دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے اور جرائم کی روک تھام میں تعاون دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار طویل اوقاتِ کار، ذہنی دباؤ اور خطرناک حالات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ اس لیے انہیں مناسب تربیت، جدید آلات، کافی افرادی قوت اور جسمانی و ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری سہولیات اور تعاون فراہم کرنا اہم ہے۔
اس موقع پر ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این نے مختلف کارروائیوں کے دوران اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کے ناموں کی قرأت کی۔ تقریب میں شہید پولیس اہلکاروں کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں پولیس محکمہ کے مختلف شعبوں کے اہلکاروں، ریٹائرڈ پولیس ملازمین اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی اور پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔