ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل کے گھر پر چھاپہ ماری - ای ڈی نے ضبط کیے سونے کے بسکٹ اور کروڑوں روپے نقد

کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل کے گھر پر چھاپہ ماری - ای ڈی نے ضبط کیے سونے کے بسکٹ اور کروڑوں روپے نقد

Sat, 16 Aug 2025 12:35:46    S O News
کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل کے گھر پر چھاپہ ماری - ای ڈی نے ضبط کیے سونے کے بسکٹ اور کروڑوں روپے نقد

 کاروار،  16/ اگست (ایس او نیوز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انکشاف کیا ہے کہ اس نےمنی لانڈرنگ کی تحقیقات سے منسلک ایک اہم اقدام میں کانگریس ایم ایل اے ستیش سئیل کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کرتے ہوئے ان کے اور ان کی فیملی کے بینک لاکرز سے 1.41 کروڑ روپے نقد اور 6.75 کلو گرام سونا ضبط کیا ہے ۔ 
   
معلوم ہوا ہے کہ یہ کارروائی بیلکیری بندرگاہ سے ہزاروں ٹن خام لوہے کی گمشدگی سے متعلق جاری تحقیقات کے درمیان ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر کاروار - انکولہ حلقے سے چنے گئے رکن اسمبلی ستیش سئیل سے وابستہ کمپنیوں کے ذریعہ کی گئی ہے ۔ ای ڈی نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں نقدی ، سونے کے بسکٹ ضبط کیے جانے کی تصدیق کی ہے ۔
   
ایجنسی کے مطابق  13 اور 14 اگست کے درمیان کاروار، گوا، ممبئی اور دہلی سمیت متعدد مقامات پر چھاپے مارے گئے، جو کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام قانون (پی ایم ایل اے ایکٹ) کے تحت ایک وسیع تحقیقات کے حصے کے طور پر کی گئی تھی ۔ کاروار کے چیتاکول میں واقع ایم ایل اے ستیش سئیل کے مکان پر ای ڈی کی ٹیم نے تقریباً 22 گھنٹوں تک مسلسل تلاشی لی ۔ اس موقع پر ستیش سئیل مکان میں موجود نہیں تھے اور ان کا فون بھی سوئچ آف پایا گیا ۔ ای ڈی افسران کا کہنا ہے کہ ستیش سئیل کے باڈی گارڈ سے رابطہ کرنے پر بھی ستیش کا کوئی پتہ نہیں چلا ۔ 
   
ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے سلسلے میں جن کاروباری اداروں کو اپنی جانچ کے نشانے پر رکھا ہے ان میں آشا پورہ مائن کیم، شری لال محل، سواستک اسٹیلز(ہوسپیٹ) ، آئی ایل سی انڈسٹریز ، سری لکشمی وینکٹیشور منرلز  اور دیگر کمپنیاں شامل ہیں ۔
  
ای ڈی نے کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ستیش سیل کی ملکیت والی کمپنی ملیکارجن شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ  خام لوہے کی غیر قانونی برآمد میں براہ راست ملوث تھی ۔  ایجنسی نے بتایا: "بنگلور میں عوامی نمائندوں کے لیے خصوصی عدالت نے پہلے ان کمپنیوں کو اس معاملے میں قصوروار پایا تھا ، اور موجودہ تحقیقات کا تعلق اسی کیس میں دی گئی سزا سے ہے ۔"  
   
یاد رہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے گزشتہ سال سئیل کو دی گئی سات سال قید کی سزا پر روک لگا دی تھی ۔

   بتایا جاتا ہے کہ حالیہ چھاپوں کے دوران ای ڈی کے اہلکاروں نے سیل کی رہائش گاہ سے 1.41 کروڑ روپے نقد کے علاوہ شری لال محل لمیٹڈ کے دفتر سے 27 لاکھ روپے  ضبط کیے ہیں ۔ اس کے علاوہ، سئیل کے خاندان سے تعلق رکھنے والے لاکرس سے 6.75 کلو گرام سونے کے زیورات اور بسکٹس برآمد کیے گئے۔
   
ای ڈی نے مزید کہا کہ کیس سے منسلک مختلف افراد اور کمپنیوں کے بینک کھاتوں میں رکھے گئے 14.13 کروڑ روپوں کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ "دستاویزات، ای میلز اور ڈیجیٹل ریکارڈ کو ثبوت کے طور پر ضبط کر لیا گیا ہے۔" 
   
اس ضمن میں مزیدتحقیقات جاری ہے اور منی لاندرنگ مخالف قانون پی ایم ایل اے  کے تحت مزید قانونی کارروائی متوقع ہے ۔


Share: