ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایتھنول کی ملاوٹ پر راہل گاندھی کی مودی حکومت پر تنقید، کہا: عوام کی گاڑیوں سے پٹرول کی چوری ہو رہی ہے!

ایتھنول کی ملاوٹ پر راہل گاندھی کی مودی حکومت پر تنقید، کہا: عوام کی گاڑیوں سے پٹرول کی چوری ہو رہی ہے!

Sat, 07 Nov 2026 12:20:45    S O News

نئی دہلی  ، 7/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے پٹرول میں ایتھنول کی ملاوٹ کے حوالے سے مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر پوسٹ کرتے ہوئے براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ ’’ایتھنول میں بے تحاشہ ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کب کارروائی کی جائے گی۔‘‘ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ای-20 بنا 420، عوام کی گاڑی سے پٹرول چوری! مودی حکومت کا کہنا ہے کہ پٹرول میں 20 فیصد ایتھنول ملایا جاتا ہے۔ کرناٹک حکومت نے 7 اضلاع سے پٹرول کے نمونے لے کر تسلیم شدہ لیبارٹریوں میں جانچ کروائی۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں پٹرول کے نمونے کے نتائج پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’’14 میں سے 11 نمونوں میں ایتھنول کی مقدار 20 فیصد سے زیادہ پائی گئی۔ آئی او سی ایل میں 31.2 فیصد اور ایچ پی سی ایل میں 30.5 فیصد ایتھنول پایا گیا۔ آئی او سی ایل، ایچ پی سی ایل، بی پی سی ایل، نائرا اور شیل، سرکاری ہوں یا پرائیویٹ، سبھی میں مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول پایا گیا۔ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ’’کمپنیوں کی اپنی لیبارٹریوں نے تو رپورٹ میں ایتھنول کی مقدار درج ہی نہیں کی۔ یعنی آپ پیسے مہنگے پٹرول کے دے رہے ہیں، لیکن گاڑی کی ٹنکی میں ایتھنول بھرا جا رہا ہے۔ نقصان کس کا ہو رہا ہے؟ آپ کا۔‘‘

راہل گاندھی نے عوام کو بیدار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ کی گاڑی اتنی زیادہ مقدار میں ایتھنول برداشت کرنے کے لیے بنائی ہی نہیں گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ گاڑی کا مائلیج کم ہوگا اور بار بار مکینک کے پاس جانا پڑے گا۔ شوق سے خریدی گئی گاڑی برباد ہو جائے گی، اور پٹرول پمپ پر یہ بھی نہیں لکھا ہوتا کہ ٹنکی میں کیا بھرا جا رہا ہے۔ صارفین کے پاس انتخاب کا کوئی متبادل بھی نہیں ہے۔

راہل گاندھی وزیر اعظم مودی کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مودی جی، بتائیے کہ ملک کی گاڑیوں کی ٹنکیوں میں کیا بھرا جا رہا ہے؟ پٹرول میں حقیقتاً ایتھنول کی مقدار کتنی ہے؟ 20 فیصد سے زیادہ ملاوٹ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟ اور مباحثے کا چیلنج اب بھی برقرار ہے۔ اس معاملے کو بھی شامل کر لیجیے کہ آپ کی پالیسیوں سے آخر حقیقی فائدہ کس کو ہو رہا ہے؟‘‘


Share: