ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : 'ڈیجیٹل اریسٹ' کے نام پر 40 کروڑ روپے لوٹنے والا ملزم گرفتار

کاروار : 'ڈیجیٹل اریسٹ' کے نام پر 40 کروڑ روپے لوٹنے والا ملزم گرفتار

Thu, 17 Jul 2025 17:38:43    S O News

کاروار،  17 / جولائی (ایس او نیوز)  'ڈیجیٹل اریسٹ' کا فریبی کھیل کھیلتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں سے آن لائن دھوکہ دہی  کےذریعے 40 کروڑ روپے سے زائد رقم اڑانے والا ایک کلیدی ملزم اتر کنڑا پولیس کے ہتھے چڑھ گیا ۔
    
اتر کنڑا پولیس کاروار کی سی ای این ٹیم نے جس شاطر ملزم کو بہار سے گرفتار کیا ہے اس کی شناخت پٹنہ کے رہنے والے ہردیپ سنگھ (39 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
    
پولیس کے بیان کے مطابق ہردیپ سنگھ نے ملک کی گیارہ ریاستوں میں فراڈ کی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے اس کا شکار بننے والوں افراد سے 40.95 کروڑ روپوں سے زیادہ رقم اینٹھی ہے ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ مغربی ساحلی علاقے کے رہنے والے ولسن فرناڈیز کو ممبئی پولیس آفیسر کے بہروپ میں فون کرکے کسی نے بتایا تھا کہ اس کے ذریعے ڈی ایچ ایل کوریئر سروس کے توسط سے بھیجے گئے پارسل میں منشیات پائی گئی ہیں ۔ پھر اسے ڈیجیٹل اریسٹ کی دھمکی دے کر 3.80 لاکھ روپے فون کرنے والے شخص نے بینک کھاتے میں منتقل کروائے تھے ۔ اس ضمن میں سی ای این پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا تھا۔
    
اتر کنڑا ضلع ایس پی نارائین ایم کی رہنمائی میں اس معاملے کی تفتیش کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے بہار کے پٹنہ شہر میں جا کر 12 جولائی کو ملزم ہردیپ سنگھ کو اپنی حراست میں لیا اور اسے پوچھ تاچھ کے لئے اتر کنڑا لانے میں کامیاب ہوئی ۔ 
    
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ ملزم ہردیپ سنگھ پر ملک بھر میں سرمایہ کاری کے نام پر رقم لوٹنے،  ڈیجیٹل اریسٹ کے نام پر آن لائن فراڈ اور  دھوکہ دہی جیسے سائبر کرائم  کے 29  سے زائد معاملے درج ہیں ۔ اس ملزم نے تملناڈو، آندھرا پردیش، بینگلورو وغیرہ میں لوگوں کو اپنا شکار بنا کر کروڑوں روپوں اڑائے ہیں ۔ اس نے مختلف بینکوں میں ایک کرنٹ اکاونٹ اور 8 سیونگس بینک اکاونٹس  کھول رکھے ہیں ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔


Share: