ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: دھرمستھلا معاملے میں آیا نیا موڑ - مبینہ تدفین کے مقامات کی نشاندہی کے لئے تیار ہیں مقامی افراد

مینگلور: دھرمستھلا معاملے میں آیا نیا موڑ - مبینہ تدفین کے مقامات کی نشاندہی کے لئے تیار ہیں مقامی افراد

Wed, 03 Sep 2025 20:33:15    S O News
مینگلور: دھرمستھلا معاملے میں آیا نیا موڑ - مبینہ تدفین کے مقامات کی نشاندہی کے لئے تیار ہیں مقامی افراد

مینگلور  3 / ستمبر (ایس او نیوز) دھرمستھلا میں ندی کنارے اور جنگلاتی علاقے میں مبینہ طور پر متعدد لاشیں دفنانے کا جو تنازعہ چل رہا ہے اس میں اب ایک نیا موڑ آیا ہے جس میں مقامی لوگوں نے مشتبہ لاشیں خفیہ طور پر دفنائی گئی  جگہوں کی نشاندہی کرنے کی پیش کش کی ہے ۔

میڈیا میں رپورٹوں کے مطابق     اس معاملے کی تحقیقات کر رہی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کو لکھے گئے اپنے مراسلے میں توکارام گوڈا نے بتایا ہے کہ ایس آئی ٹی کی تشکیل کی وجہ سے اس کے اندر اعتماد پیدا ہوا ہے اور وہ رازدارانہ انداز میں دفنائی گئی لاشوں کے مقامات کی نشاندہی کرنے کے لئے  تیار ہے کیونکہ وہ اس حالات کا ایک عینی گواہ ہے ۔

     اس مراسلے میں گوڑا نے بتایا ہے کہ :" یہ معاملہ ایک سنگین موڑ پر آ گیا ہے اور مقامی افراد کے اندر خوف پایا جاتا ہے ، مگر حکومت کی جانب سے ایس آئی ٹی تشکیل دئے جانے کے بعد ہمارے اندر بھروسہ جاگ اٹھا ہے کہ اس معاملے کی منصفانہ اور نتیجہ خیز جانچ ہوگی ۔"

    مقامی لوگوں کی طرف سے بھیجے گئے مراسلے میں خصوصی طور پر سابق صفائی کرمچاری چنّیا کو پہچانتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ "اس شخص کو لاشیں لے جاتے اور مختلف مقامات پر دفناتے ہوئے ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے ۔ حالانکہ ایسے کام خفیہ اور رازدارانہ انداز میں کیے جاتے ہیں، مگر چھوٹے سے قصبے میں یہ سب باتیں بہت دنوں تک چھپی نہیں رہتی ہیں ۔" مراسلے میں اس بات پر تشویش جتائی گئی ہے کہ " آخر چنّیا نے اپنا سابقہ حلفیہ بیان واپس کیوں لیا ۔ اس کی وجہ سے اور بھی سوالات کھڑے ہو رہے ہیں ۔" 

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سچائی اور انصاف کی خاطر  وہ لوگ چنّیا کےذریعے لاشوں کو دفنائے گئے اصل مقامات کی نشاندہی کرنے کے لئے تیار ہیں ۔


Share: