ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دھرمستھلا عصمت دری، قتل اور اجتماعی تدفین معاملہ: وکیل کا الزام، سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ کو بیان واپس لینے پر کیا مجبور

دھرمستھلا عصمت دری، قتل اور اجتماعی تدفین معاملہ: وکیل کا الزام، سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ کو بیان واپس لینے پر کیا مجبور

Sat, 02 Aug 2025 18:38:39    S O News

منگلورو، 3/اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) پچاس سالہ صفائی ملازم کی نمائندگی کرنے والی وکیل اننیا گوڑا، جنہوں نے الزام لگایا تھا کہ ان کے موکل کو ایک دہائی قبل دھرمستھلا  میں متعدد لاشوں کو دفنانے پر مجبور کیا گیا تھا، نے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کے ایک سب انسپکٹر پر ان کے مؤکل کو شکایت واپس لینے پر مجبور کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایس آئی ٹی دفتر اور کچھ افسران کو بھیجے گئے ایک ای میل میں، وکیل اننیا گوڑا نے دعویٰ کیا کہ ان کے مؤکل نے بتایا کہ یکم اگست کو بیلتنگڈی میں ایس آئی ٹی کیمپ آفس میں سب انسپکٹر منجوناتھ گوڑا نے انہیں دھمکایا۔

وکیل نے الزام لگایا کہ سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ کو ان کی شکایت کے باعث سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی۔ پولیس افسر نے یہ بھی کہا کہ شکایت کنندہ کو مزید وقت جیل میں گزارنا پڑے گا اور پولیس جلد ہی انہیں اپنی تحویل میں لے گی۔

ان دھمکیوں کے بعد، وکیل نے الزام لگایا، سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ سے کہا کہ وہ کیمرے کے سامنے بیان دے کر اپنی شکایت سے انکار کرے۔ انہیں یہ بھی کہا گیا کہ وہ نامعلوم افراد کو اپنی شکایت کا ذمہ دار ٹھہرائیں۔ وکیل نے دعویٰ کیا کہ سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ کا جبری بیان اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کیا۔

وکیل نے کہا کہ وکلاء کی ٹیم سب انسپکٹر منجوناتھ گوڑا کے رویے پر صدمے میں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جاری تحقیقات کے دوران شکایت کنندہ کو آزادانہ اور بے خوف طریقے سے بولنے کے لیے منجوناتھ گوڑا کو فوری طور پر تحقیقات سے ہٹا دیا جائے۔ ایس آئی ٹی نے تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

2 اگست کو ایس آئی ٹی نےدھرمستھلا   میں مقامات نمبر 9 تا 12 کی کھدائی کی۔ شکایت کنندہ نے نہانے کے گھاٹ کے قریب 13 مقامات دکھائے ہیں جہاں اس نے دعویٰ کیا کہ لاشوں کو دفنایا گیا تھا۔

ایس آئی ٹی نے مقام نمبر 6 سے تقریباً 15 ہڈیاں برآمد کی تھیں، تاہم یکم اگست تک کھودے گئے باقی سات مقامات سے کوئی ڈھانچہ برآمد نہیں ہوا۔

یہ کھدائی اسسٹنٹ کمشنر پتور، اسٹیلہ ورگیز، فارینسک ڈاکٹروں اور کرائم سین افسران کی موجودگی میں کی جا رہی ہے۔


Share: