ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی اسمبلی انتخابات: ووٹروں کی حتمی فہرست جاری، الیکشن کمیشن نے تفصیلات فراہم کیں

دہلی اسمبلی انتخابات: ووٹروں کی حتمی فہرست جاری، الیکشن کمیشن نے تفصیلات فراہم کیں

Tue, 07 Jan 2025 11:00:48    S O News

نئی دہلی، 7/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے قبل، الیکشن کمیشن نے حتمی ووٹر لسٹ جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، دہلی میں کل 1 کروڑ 55 لاکھ 24 ہزار 858 رجسٹرڈ ووٹرس ہیں، جن میں 83 لاکھ 49 ہزار 645 مرد، 71 لاکھ 73 ہزار 952 خواتین اور 1261 تیسری جنس کے ووٹرس شامل ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس بار 2 لاکھ 8 ہزار 302 نئے ووٹرس پہلی مرتبہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

فائنل الیکٹورل رول یعنی ووٹرس کی حتمی فہرست میں مجموعی ووٹرس کی تعداد 29 اکتوبر کو جاری ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے 1.09 فیصد زیادہ ہے۔ اب تک ووٹر شناختی کارڈ پانے کے لیے فرضی دستاویز جمع کرنے کے معاملے میں 24 لوگوں کے خلاف 8 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ چیف الیکٹورل افسر دہلی نے نئے ووٹر شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے فرضی دستاویز جمع کرنے کے خلاف سخت تنبیہ کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 29 اکتوبر 2024 کو الیکشن کمیشن نے جو ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی تھی، اس کے ساتھ 29 اکتوبر سے 28 نومبر تک لوگوں کے اعتراضات طلب کیے گئے تھے۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری ہونے کے وقت ووٹر کی تعداد 1 کروڑ 53 لاکھ 57 ہزار 529 تھی۔ اس وقت الیکشن کمیشن نے دہلی میں سبھی 6 منظور شدہ سیاسی پارٹیوں کو ووٹر لسٹ کی ہارڈ کاپی اور سافٹ کاپی بھیجی تھی۔ سیاسی پارٹیوں کے ساتھ سی ای او سطح کے ساتھ ساتھ ڈی ای او سطح پر میٹنگیں ہوئیں۔ اس میں ایس ایس آر میں ان کی شراکت داری طلب کی گئی۔ دہلی کے لوگوں کی جانکاری کے لیے اطلاع بھی جاری کی گئی۔ عوام کی سہولت کے لیے سی ای او دہلی کی ویب سائٹ پر ڈرافٹ ووٹر لسٹ اپلوڈ کی گئی تھی۔


Share: