مودھول 22/جون (ایس او نیوز): کرناٹک کے باگلکوٹ ضلع میں ایک ہولناک سڑک حادثے میں 20 سالہ نوجوان زندہ جل کر ہلاک ہوگیا۔ یہ افسوسناک واقعہ سورگاؤں گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں ایک کے ایس آر ٹی سی بس اور موٹر سائیکل کے درمیان شدید ٹکر ہوگئی۔
پولیس کے مطابق تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل فوراً آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ موٹر سائیکل سوار آگ بھڑکنے کے باعث موقع پر ہی زندہ جل گیا اور اس کی موت ہوگئی۔
مہلوک کی شناخت نوین ہنومنت گورک کے طور پر کی گئی ہے، جو مودھول شہر کے جنتا پلاٹ علاقے کا رہائشی تھا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سرکاری بس بادامی سے اچلکرنجی کی جانب جا رہی تھی، اسی دوران موٹر سائیکل بس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی مودھول پولیس موقع پر پہنچی اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔