منگلورو ،13 / اگست (ایس او نیوز) بنٹوال حلقہ اسمبلی سے گزشتہ دو مرتبہ شکست کا سامنا کرنے والے رماناتھ رائے نے شک ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شکست کے پیچھے ووٹوں کی چوری کا امکان ہو سکتا ہے۔
سینئر کانگریسی لیڈر اور کے پی سی سی کے نائب صدر رماناتھ رائے نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ کانگریسی لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے 'ووٹ چوری' کے جو الزامات لگائے گئے ہیں، اس پس منظر میں غلطیوں سے پاک ووٹر فہرست کی تیاری کو یقینی بنانے کی سمت میں اقدامات کرے ۔
منگلورو کے کانگریس پارٹی دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رماناتھ رائے کہا :" میری شکست کا سبب ووٹ چوری ہو سکتا ہے ۔ یہ چیز اس وقت سامنے آ سکتی ہے جب راہل گاندھی کی طرف سے طلب کی گئی گزشتہ دس سال کے عرصے میں ووٹر لسٹ میں ہوئی تبدیلیوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن فراہم کرتا ہے ۔ فی الحال میں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔"
انہوں نے کہا کہ "راہل گاندھی کی طرف سے لگائے الزامات کی روشنی میں یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ غلطیوں سے پاک ووٹر فہرست تیار کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے ۔"
جب ان سے پوچھا گیا کہ بوتھ لیول پر اس طرح کی دھاندلی روکنے میں کیا کانگریس پارٹی ناکام ہوئی ہے ؟ تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا ووٹر فہرست میں نام درج کروانے کا کام آخری لمحوں میں ہو سکتا ہے اور ایسے میں پارٹی کے کارکنان کی نظروں میں یہ بات نہیں آئی ہوگی۔