بھٹکل، 26 اگست (ایس او نیوز): 4 ستمبر کو 12 ربیع الاول کے موقع پر بھٹکل میں حسبِ روایت فیض الرسول اور منسلک اداروں کی جانب سے میلادالنبی ﷺ کا جلوس نکالا جائے گا۔ اس سے قبل عوام میں بیداری پیدا کرنے اور حضور اکرم ﷺ کا پیغام عام لوگوں تک پہنچانے کے مقصد سے اسٹوڈنٹس اسلامک فیڈریشن (SSF) بھٹکل ڈویژن کی جانب سے آج بروز منگل بعد نمازِ عصر ایک شاندار میلاد پیغام ریلی نکالی گئی، جو اولڈ بس اسٹینڈ سے شروع ہوکر شمس الدین سرکل تک پہنچی۔
شمس الدین سرکل پر ریلی کے اختتام پر جامعہ دارالارشاد کے پرنسپل حسین معینی نے کنڑا زبان میں مختصر مگر جامع خطاب کرتے ہوئے حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فرمایا کہ نبی کریم ﷺ کی اخلاقیات تمام انسانیت کے لئے اعلیٰ نمونہ ہیں۔ دشمنوں کے سخت رویوں کے باوجود آپ ﷺ نے ہمیشہ تبسم کے ساتھ پیش آکر حسنِ سلوک فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا سائنس بھی حضور ﷺ کی سنتوں کی سچائی کی تصدیق کر رہا ہے اور ان میں انسانی فلاح کے بے شمار پہلو نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ نبی اکرم ﷺ نے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کی ہے، چاہے وہ چلنے پھرنے، اٹھنے بیٹھنے یا دیکھنے سننے کے آداب ہوں۔ آپ ﷺ نے نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں اور درختوں پودوں کے حقوق کا بھی خیال رکھنے کی تعلیم دی۔
اس موقع پر تاج السنہ اکیڈمی بھٹکل کے صدر سید علوی البخاری نے دعا فرمائی، جبکہ مدرسے کے طلبہ نے نعتیہ کلام پر خوبصورت دف پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ ریلی میں بڑی تعداد میں بچے شریک تھے جو ایس ایس ایف کے جھنڈے لہراتے اور دف بجاتے ہوئے جلوس کی رونق بڑھا رہے تھے۔
تقریب میں ابو اصفیاء حنیف مصلیار (خطیب مکہ جمعہ مسجد جالی)، شمس الدین احسنی (ایس ایس ایف کرناٹک اسٹیٹ ایگزیکٹیو)، نواز بھٹکل (ایس ایس ایف نیشنل سکریٹری)، سلیم بھٹکل (ایس ایس ایف شمالی کرناٹک جنرل سکریٹری)، اور عارف خان (ایس ایس ایف بھٹکل ڈویژن سکریٹری) سمیت کئی معزز شخصیات بھی موجود رہیں۔
