منگلورو ، 9 /نومبر (ایس او نیوز) منگلورو سینٹرل سے ممبئی لوکمانیا تلک ٹرمینس (LTT) کرلا کے درمیان چلنے والی ’متسیہ گندھا ایکسپریس' (Matsyagandha Express) کے مسافروں کو 6 جنوری سے کرایوں میں کچھ راحت ملے گی، کیونکہ انڈین ریلویز نے اس ٹرین کو ’سوپر فاسٹ‘ زمرے سے ہٹا کر ’میل/ایکسپریس‘ زمرے میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے نتیجے میں ’سوپر فاسٹ سرچارج‘ (اضافی فیس) ختم ہو جائے گی ۔
درجہ بندی کی اس تبدیلی سے کرایوں میں 15 سے 45 روپے تک کی کمی آئے گی ، جس کا انحصار سفر کی کلاس پر ہوگا ۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں اور ریلوے صارفین کی انجمنوں کے مسلسل مطالبات کے بعد کیا گیا ہے ۔ جنہوں نے اس ٹرین کو ’سوپر فاسٹ‘ قرار دیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے نشاندہی کی تھی کہ یہ ٹرین اس زمرے کے لیے درکار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط رفتار کے معیار پر پوری نہیں اترتی ۔
بتایا گیا ہے کہ مانسون کے علاوہ عام دنوں کے ٹائم ٹیبل کے دوران ممبئی LTT سے منگلورو سینٹرل جانے والی ٹرین نمبر 12619 کی اوسط رفتار 53 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ منگلورو سینٹرل سے ممبئی LTT جانے والی ٹرین نمبر 12620 کی اوسط رفتار 54 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ۔ جبکہ مانسون ٹائم ٹیبل کے دوران یہ اوسط رفتار مزید کم ہو کر بالترتیب 50 کلومیٹر فی گھنٹہ اور 52 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ جاتی ہے ۔
مسافروں کی انجمنیں ریلوے پر زور دے رہی تھیں کہ وہ اس ٹرین کا ’سوپر فاسٹ‘درجہ ختم کرے ۔ ان کا موقف تھا کہ اگرچہ ٹرین مقررہ رفتار کے معیار کو پورا نہیں کرتی، پھر بھی مسافروں سے اضافی چارجز وصول کیے جا رہے ہیں ۔
موجودہ کرایہ ڈھانچے کے تحت انڈین ریلویز ’سوپر فاسٹ سرچارج‘ کے طور پر جنرل سیکنڈ کلاس میں 15 روپے، سلیپر کلاس میں 30 روپے، اے سی تھری ٹائر اور اے سی اکانومی میں 45 روپے، اے سی ٹو ٹائر میں 45 روپے اور فرسٹ اے سی میں 75 روپے وصول کرتی ہے ۔
’سوپر فاسٹ‘ کی درجہ بندی ختم ہونے سے مسافروں کو یہ اضافی چارجز ادا نہیں کرنے پڑیں گے ۔ ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق، ٹرین نمبر 12619 اور 12620 کے نمبر تبدیل کر کے بالترتیب 16369 اور 16370 کر دیے جائیں گے، جس کا اطلاق 6 جنوری سے ہوگا ۔
البتہ ’متسیہ گندھا ایکسپریس' بدستور سدرن ریلوے کے ترواننت پورم ڈویژن کی ملکیت میں رہے گی، کیونکہ یہ اپنی بوگیاں (rakes) ان ٹرینوں (نمبر 16347 اور 16348) کے ساتھ مشترک طور پر استعمال کرتی ہے جو ترواننت پورم سینٹرل اور منگلورو سینٹرل کے درمیان چلتی ہیں ۔
’غریب رتھ‘کے نمبر تبدیل کرنے کی تاریخ میں ترمیم : اسی بیچ ممبئی ایل ٹی ٹی اور ترواننت پورم نارتھ کے درمیان چلنے والی ہفتہ وار ’غریب رتھ ایکسپریس‘ کے نمبر تبدیل کرنے کے شیڈول میں بھی ترمیم کر دی گئی ہے ۔
ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرین نمبر 12201، جس کا نمبر یکم جنوری سے تبدیل کر کے 16371 کیا جانا تھا، اب 4 جنوری سے اپنے نئے نمبر کے ساتھ چلے گی ۔