بھٹکل 25/ستمبر: (ایس او نیوز) بھٹکل کا معروف ’’دی بھٹکل اربن کوآپریٹیو بینک‘‘ کا 61 ویں سالانہ جلسہ عام برائے مالی سال 2024-25 شہر کے کملاوتی رام ناتھ شیانبھاگ آڈیٹوریم میں بینک کی صدر محترمہ محبوبی پٹیل کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے صدر محبوبی پٹیل نے بتایا کہ رواں سال بینک کے شیئر ہولڈرز کی تعداد 26,611 ہے جبکہ شیئر کیپیٹل 12.85 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریزرو فنڈ اور دیگر فنڈز 70.40 کروڑ سے بڑھ کر 77.55 کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔ بینک کی مجموعی ڈپازٹس 354.53 کروڑ روپے، سرمایہ کاری 221.44 کروڑ روپے اور مجموعی قرض کی تقسیم 181.94 کروڑ روپے رہی۔ اس میں سے ترجیحی شعبوں کو 136.97 کروڑ روپے قرض دیا گیا، جس میں کمزور طبقات کے لئے 29.57 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔
بینک کے نائب صدر تُلسی داس موگیر اور ڈائریکٹر ایم اے علیما نے 31 مارچ 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے حسابات الگ الگ کنڑا اور انگریزی زبان میں پیش کیے۔ بینک کے جنرل منیجر پرشانت مرڈیشور نے بینک کی کارروائی پڑھ کر حاضرین سے منظوری حاصل کی، اس موقع پر بینک کے سنئیر شیر ہولڈر پرویسر اے ایم ملا نے ڈپازٹ کم ہونے کو لے کر سوال اٹھایا، جبکہ دیگر شیئر ہولڈرز کی جانب سے بھی پوچھے گئے مختلف سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ جنرل مینجر نے بینک کی آئندہ دنوں میں مزید بہتر کارکردگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے قرضوں کی بروقت ادائیگی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس موقع پر بینک کے ڈائریکٹرس عبد الخالق سوداگر، شری دھر نائک، سنتوش گونڈا، پدمنا بھ پائی، سری کانت نائک، سریش پوجاری، رمیش نائک، رام نائک، وسنت دیواڑیگا، گنپتی موگیر، محمد ایوب حمزہ، بینا ویدیا، پروفیشنل ڈائریکٹرس وکٹر گومس اور عبدالرؤف سمیت بورڈ آف مینجمنٹ کے ارکان شَمبو ہیگڈے، ایس ایم خان اور وینکٹیش بھٹکلکر بھی موجود تھے۔
اجلاس کا آغاز جنرل منیجر پرشانت مرڈیشور کی جانب سے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ گزشتہ سال کی کارروائی سینئر منیجر پانڈورنگ سانو نے پیش کی جبکہ اختتام پر ڈائریکٹر شری دھر نائک نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔