بھٹکل، 3 اکتوبر (ایس او نیوز): معروف سیاحتی مقام مرڈیشور میں جمعہ کے روز پیش آئے ایک واقعے میں بحر عرب میں ڈوبنے کے دوران مقامی ریسکیو ٹیم کی بروقت مداخلت سے دو سیاحوں کو بچا لیا گیا۔ بچائے گئے سیاحوں کی شناخت بنگلور سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ وینو اور ونئے رمیش کے طور پر کی گئی ہے۔
مرڈیشور پولیس کے مطابق، بنگلور سے گیارہ نوجوان مرڈیشور کے ساحل پر سیر و تفریح کے لیے پہنچے تھے، جن میں سے چار افراد سمندر میں نہا رہے تھے۔ اس دوران دو سیاح اچانک اونچی لہروں کی لپیٹ میں آ گئے۔ خوش قسمتی سے ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
ایک سیاح کی حالت نازک ہو گئی تھی، لیکن بروقت نکالنے کے بعد پولیس اہلکاروں نے سینے پر مسلسل پمپنگ کرتے ہوئے اس کی سانسیں بحال کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
ریسکیو آپریشن میں جیو رکشک دل کے راجیش، مدثر، سنتوش، کراؤلی کمانڈ ٹیم کے درشن، نگرانی دستہ کے ناگر اج، ہوم گارڈ سدھاکر اور دیگر مقامی افراد نے حصہ لیا۔
مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ہنومنت بیرادر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
بارش تھمنے کے ساتھ ہی ریاست کے مختلف حصوں سے ہزاروں کی تعداد میں سیاح مرڈیشور کا رخ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے پولیس اور ریسکیو ٹیموں کے لیے سیاحوں کی جانوں کی حفاظت ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ ایسے میں مقامی عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔