بھٹکل 28 ستمبر (ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے سیاسی پینل کی جانب سے پیر، 29 ستمبر کو بھٹکل میں میونسپل ایڈمنسٹریشن و لوکل گورننس کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیا جارہا ہے، جس میں بھٹکل اور اطراف کے نوجوانوں اور سماجی کارکنوں سمیت میونسپل و پنچایت کونسلرس و اراکین کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس بات کی اطلاع تنظیم کے سرگرم رکن ایڈوکیٹ عمران لنکا نے دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان جو سماجی خدمات اور قومی کاموں میں دلچسپی رکھتے ہیں یا مستقبل میں اس میدان میں آگے آنا چاہتے ہیں، اپنی محلہ کمیٹی کے توسط سے اس ورکشاپ میں شریک ہوکر بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ورکشاپ میں تفصیلی طور پر بتایا جائے گا کہ میونسپل حکام، کونسلرز اور پنچایت اراکین کے کیا اختیارات اور ذمہ داریاں ہیں، عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے ایڈمنسٹریشن سے کس طرح رجوع کیا جاسکتا ہے، سماجی کارکنان عوامی مفاد میں کون سے اقدامات کرسکتے ہیں، اور نوجوان اپنے علاقوں کے مسائل کو کس طرح متعلقہ ذمہ داروں تک پہنچا کر ان کی یکسوئی کروا سکتے ہیں۔ اس موقع پر متعلقہ شعبے کے ماہرین بھی خصوصی طور پر مدعو کئے گئے ہیں۔
ورکشاپ نوائط کالونی کے آمنہ پیلیس میں صبح 10 بجے سے عصر تک جاری رہے گا۔ تمام میونسپل کونسلرز اور پنچایت ممبران (مرد و خواتین) کے علاوہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذریعے ہر علاقے سے چار نوجوانوں کو بھی اس ورکشاپ میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ نوجوان مقامی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرکے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتر کردار ادا کرسکیں۔